ایران کی جیلوں میں سیاسی قیدی خود کشی کیوں کرتے ہپں؟
امام صادق یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے رکن اور سوشیالوجی کے پروفیسر کاووس سید امامی کی اوین کے قید خانے میں ناگہانی موت نے ایران میں نئی بحث کھڑی کر دی ہے۔ خاص طور پر جبکہ محکمہ قضا کہنا ہے کہ ان کی موت کا سبب ان کی خود کشی ہے۔ سیاست دانوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور معاشرتی حقوق کے متحرک کارکنوں کے ایک گروہ نے سید امامی کی پر اسرار موت پراپنے شبہات کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
کاووس سید امامی کے بیٹے رامین سید امامی نے 21 بہمن ماہ (10 فروری) کو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ان کے والد کو بہمن ماہ کی 4 تاریخ (24 جنوری) کو گرفتار کیا گیا تھا اور تقریبا دو ہفتے بعد 19 بہمن (8 فروری) جمعہ کے روز ان کی والدہ کو اطلاع دی گئی کہ انھوں نے جیل خانے میں ’’خود کشی‘‘ کر لی ہے، اور یہ خبر ان کے اہلِ خاندان کے لیے ’’قابلِ یقین‘‘ نہیں ہے۔
مگر سید امامی ایسی پہلی شخصیت نہیں ہیں جن کے دورانِ قید انتقال کی خبر پھییلنے کے بعد وزارت عدل و امن کے ذمہ داروں نے اس کا سبب خود کشی قرار دیا ہو۔
زہرا بنی یعقوب
زہرا بنی یعقوب جو کہ ہمدان کے ایک نواحی گاؤں میں اپنی میڈیکل ڈگری کے آخری تکمیلی تقاضے کے طور پر لازمی طبی خدمات سرانجام دینے کا دورانیہ گذار رہی تھیں، 20 مہر 1386 (12/اکتوبر 2007ء) کو اپنے منگیتر کے ساتھ شہر ہمدان کے ایک پارک میں موجود تھی کہ گرفتار کر لی گئیں۔ دو روز بعد محکمہ امر بہ معروف و نہی عن المنکر کے مرکزی حوالات کے حکام نے خبر جاری کی کہ انھوں نے قید خانے کی دوسری منزل میں آویزاں ایک اطلاعاتی پلے کارڈ کے ربّن کے ذریعے خود کشی کر کے اپنی جان لے لی ہے۔
زہرا بنی یعقوب اس وقت 27 برس کی تھیں، وہ تیز ہوش طلبہ کے خصوصی سکول کی طالبہ رہیں اور انھوں نے ایران بھر کی جامعات میں 26 ویں پوزیشن حاصل کر رکھی تھی۔
ان کے خاندان نے خود کشی کے امکان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے بتلایا کہ جس وقت کو ان کی موت کا وقت بتلایا جا رہا ہے اس سے آدھا گھنٹہ بعد انھوں نے اپنے بھائی سے ٹیلی فون کال پر بات کی اور ان کی ذہنی حالت ہرگز کسی خود کشی کا ارادہ رکھنے والے انسان جیسے نہیں تھی۔
زہرا بنی یعقوب کی مشکوک موت کا کیس اس وقت کے ایرانی چیف جسٹس آیت اللہ سید محمود ہاشمی شاہرودی کے حکم پر ہمدان کی عدالت سے تہران منتقل کر دیا گیا۔
زہرا کے والد ابو القاسم بنی یعقوب نے دی ماہ 1390 (دسمبر 2011ء) میں ایک پریس کانفرنس میں بتلایا: ’’ہم نے ہمدان ہائی کورٹ کی عدالت نمبر 3 میں عوامی و انقلابی پراسیکیوٹر آفس میں امر بہ معروف و نہی از منکر هيڈ آفس کے ذمہ داران اور عہد داران کے خلاف شکایت درج کرائی تھی مگر پراسیکیوٹر آفس نے ملزمان کو بری کرتے ہوئے یہ دعوی کیا ہے کہ میری بیٹی نے خود کشی کی ہے۔ اس کے بعد ہمارے کیس کو تہران منتقل کیا گیا۔ تہران ہائی کورٹ کی برانچ نمبر 46 نے نظر ثانی کرتے ہوئے سب ملزموں کو قتل عمد کے الزام سے بری کر دیا، مگر دو افراد یعنی محمد حسین قرہ باغی (سربراہ امر بہ معروف و نہی از منکر ہیڈکوارٹر ہمدان) اور حسن مستقیمی (رکن انتظامی کمیٹی) کو کاغذات میں ٹیمپرنگ اور حبس بے جا کے الزام کے تحت سزائے قید سنائی۔ اب یہ بھی کہنے میں آ رہا ہے کہ یہ دونوں افراد بھی رہا کیے جا چکے ہیں۔ ہم نے اپیل کی ہے اور آئین کی شق نمبر 18 کو بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس وقت ہمارا کیس سپریم کورٹ کی برانچ نمبر 7 میں دائر ہے، مگر اس شعبے کے فاضل جج صاحب کا کہنا ہے کہ اگر آقائے لاریجانی (آیت اللہ صادق لاریجانی، موجودہ چیف جسٹس ایران) اجازت نہیں دیں گے تو کیس اسی طرح بغیر کارروائی پڑا رہے گا‘‘
باقی حصہ پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیے



