بہت بری عورت کی تلاش


ہم سب کے لئے ہماری پہلی تحریر ’ بری عورت‘ تھی۔ اگر یہ نام نہیں تھا تو معاف کیجئے گا۔ جیسے تیرہ بچوں کی ماں اپنے بچوں کو نشانی سے یاد رکھتی ہے۔ ہمیں بھی بس نشانی ہی یاد ہے۔ مرحومہ قندیل پر لکھا تھا، زیادہ یہی یاد یے۔ تحریر میں طنز کے پیرائے میں معاشرتی رویے اور دوغلے پن ہر چوٹ تھی۔ ’بری عورت‘ کو خاصا پڑھا اور سراہا گیا تھا۔ شاید یہی صورت ہے ’بری عورتوں‘ کو برداشت کرنے کی۔ خیر۔

قریبا دو سال ہونے کو ہیں اور ہم سے ابھی تک یہ معمہ حل نہیں ہو پا رہا کہ یہ بری عورت درحقیقت ہے کون۔ عصمت چغتائی جن کے قلم کی تلخی حلق تک کڑوا کر دیتی ہے یا بے نظیر جو ایک تنگ نظر معاشرے میں مسلم دنیا کی پہلی وزیر اعظم بن کر سامنے آ جاتی ہے؟ عاصمہ جہانگیر جو کلمہ حق بلند کرنے کے لئے کسی بھی حد اور خوف کو پار کرنے کو تیار تھی یا سبین محمود جو انتہا پسندوں کے ہاتھوں لقمہ اجل بن گئی؟ یا یہ آج کی بچی ملالہ جو لڑکیوں کی تعلیم کے لئے آواز اٹھانے پر گولی کا نشانہ بن جاتی ہے، نیم مردہ حالت میں پاکستان سے باہر بھیجی جاتی ہے، نوبل انعام جیتنے کے باوجود صبح شام اسی معاشرے کی ان سیکورٹی کا نذرانہ وصول کرتی ہے؟

یا وہ عورتیں جو صبح شام مزدوری کرنے کے بعد گھر آ کر نشئی میاں کی مار کا نشانہ بنتی ہیں اور ایک دن اپنے بچوں کے ساتھ گھر چھوڑ جاتی ہیں کہ بس مزید نہیں ہو گا یہ سب؟ اپنے حق کے لئے آواز اٹھا کر مردوں کی جنسی بربریت کو چیلنج کرنے والی عورتیں یا میلوں پیدل سفر کر کے اسکول جانے والی بچیاں؟ ویگنوں میں دھکے کھا کر دفتر جا کر مردوں کی مزید بھوکی نظروں کو سہنےوالی عورتیں کہ گھر کی کفیل وہی ہیں یا بیش قیمت ملبوسات کی بوتیک میں کھڑی خندہ پیشانی سے گاہکوں کو مسکراہٹ بکھیر کر کپڑے دکھانے والی سیلز گرلز؟ بسوں میں چائے پیش کرنے والی ہوسٹس یا ہزاروں میل بلندی پر سینڈوچ کو پلیٹ میں ڈالنے والی ائر ہوسٹس؟

سیہون میں حملے کے باوجود جا کر دھمال ڈالنے والی شیما کرمانی یا اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی مختاراں مائی؟

عورت مارچ میں مردوں سے کھانا گرم کرنے کا مطالبہ کرنے والی عورت یا بائک ریلی میں لاہور کی سڑکوں پر سائیکل چلانے والی لڑکیاں جن کی نہ صرف ویڈیوز بنائی گئیں بلکہ جگہ جگہ فقرے بھی کسے گئے؟

یا یہ سوال بار بار پوچھنے والی عورت کہ آخر بری عورت ہے کون؟

ہمیں اپنی ناقص عقل اور ٹیڑھی پسلی کے باعث یہی بات سمجھ آتی ہے کہ ہر وہ عورت جو اپنی طاقت جان جائے اور کنٹرول ہونے سے انکار کر دے بڑی بری عورت ہے۔ ایسی عورت سے فاصلہ رکھیے اور اسے بچوں کی پہنچ سے دور رکھیے۔

Facebook Comments HS