شہزادی کیٹ مڈلٹن زچگی کے سلسلے میں ہسپتال پہنچ گئیں
ڈچز آف کیمبرج شہزادی کیٹ مڈلٹن کی زچگی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ یہ ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج شہزادی کیٹ مڈلٹن کی تیسری اولاد ہوگی۔
36 سالہ کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم پیر کی صبح سے لندن میں سینٹ میری ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔ کیٹ مڈلٹن 22 مارچ سے چھٹی پر ہیں اور شاہی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہیں۔
متوقع اولاد تخت نشینی کے لیے چھٹے نمبر پر ہوگی۔ سب سے پہلے شہزادہ چارلس، اس کے بعد شہزادہ ولیم، پھر شہزادہ جارج اور پھر شہزادی شارلٹ اس اولاد سے پہلے تخت نشینی کی حقدار ہوں گی۔
ڈیوک اور ڈچز کے ہاں دو بچے ہیں جن میں سے بیٹا جارج جو اب چار برس کا ہے جبکہ بیٹی شارلٹ جو کہ دو سال کی ہیں۔
کیٹ مڈلٹن کو ہائپرمیسس گراویڈارم (ایچ جی) نام کی بیماری ہے جس سے انھیں دوران زچگی، پانی کی کمی ہونے کے ساتھ شدید متلی کی کیفیت مسلسل محسوس ہوتی ہے اور تھکن اور سر چکرانے کی بھی کیفیت ‘معمول سے زیادہ’ محسوس ہوتی ہے۔ اس سے قبل بھی اپنے پہلے دونوں بچوں کی ولادت میں بھی ڈچز آف کیمبرج اس بیماری سے متاثر ہوئی تھیں۔
متوقع پیدائش کا اعلان پریس کو ایک ای میل اور ایک ٹوئیٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔ ایک کاغذ پر اعلان لکھ کر ایک سونے کے فریم میں لگا کر بکنگھم پیلس کے احاطے میں رکھنے کی روایت کو بھی جاری رکھا جائے گا۔
کیٹ مڈلٹن کو متوقع بچے کی جنس معلوم نہیں۔
متوقع بچے کے نام کے حوالے سے کافی آرا پیش کی جا رہی ہیں۔ ان میں لڑکی کے لیے میری، ایلس، ایلکسزینڈرا، ایلزبتھ اور وکٹوریا شامل ہیں جبکہ لڑکے کے لیے آرتھر، ایلبرٹ، فریڈرک، جیمز اور فیلپ شامل ہیں۔


