بہت جلد تین کروڑ سے زیادہ لوگ مرتے نظر آ رہے ہیں؛ بل گیٹس


تاریخ انسانی میں کئی بار ایسے وبائی امراض آ چکے ہیں جنہوں نے کچھ ہی عرصے میں کروڑوں انسان نگل لیے۔ اب مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے مستقبل قریب کے متعلق بھی ایسی وارننگ دے دی ہے کہ سن کر ہی آدمی خوفزدہ ہو جائے۔ بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’دنیا بہت جلد ایک وبائی مرض کا سامنا کرنے جا رہی ہے جو صرف 6ماہ کے عرصے میں 3کروڑ سے زائد لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دے گی، یہ مرض 1918ء میں پھیلنے والے انفلوئنزا کی طرح پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، تاہم شاید یہ انفلوئنزا نہیں ہو گا بلکہ یہ کوئی ایسی بیماری ہو سکتی ہے جو اس سے پہلے ہم نے دیکھی ہی نہ ہو۔SARSاورMERSوائرس کی طرح ہمیں اس وباء کی نوعیت کا اندازہ بھی اسی وقت ہو گا جب یہ ہم پر حملہ آور ہو چکی ہو گی۔‘‘

بل گیٹس نے امریکی ریاست میساچوسٹس میں منعقد ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’یہ وباء اب پھوٹ پڑنے میں زیادہ وقت نہیں لے گی، ممکنہ طور پر یہ اگلے دس سالوں میں پھوٹ پڑے گی اور جنگل کی آگ کی طرح پوری دنیا میں پھیل جائے گی لیکن دنیا اس کے لیے قطعی طور پر تیار نہیں ہے۔ یہ معاملہ اس قدر خطرناک ہے کہ ہمیں اس سے نمٹنے کے لیے ویسی ہی تیاری کرنی ہو گی جیسی کہ ہم جنگ کے لیے کرتے ہیں۔‘‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).