روز ایک سیلفی لگانے کے کیا کیا فائدے ہوتے ہیں؟
آج کل کی نسل میں سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرنے کا رجحان بہت زیادہ پایا جاتا ہے اور اس رجحان کے ناقدین کی بھی کمی نہیں ہے جو اسے سخت ناپسند کرتے ہیں۔ تاہم اب سائنسدانوں نے اس کے کچھ ایسے فوائد بتا دیئے ہیں کہ یہ ناقد بھی باقاعدگی سے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر ڈالنی شروع کر دیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق برطانیہ کی لنکیسٹر یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ’’سوشل میڈیا پر روزانہ ایک تصویر پوسٹ کرنے سے انسان کی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، ایسے لوگوں میں ڈپریشن کا لیول بہت کم ہوتا ہے اور انہیں بڑے صدمات، جیسا کہ کسی عزیز کی موت کا صدمہ وغیرہ، سے نکلنے میں آسانی ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اس تحقیق میں ہزاروں لوگوں پر تجربات کیے۔ ان لوگوں کو تین گروپوں میں تقسیم کرکے ان میں سے ایک گروپ کو سوشل میڈیا پر روزانہ اور دوسرے گروپ کو ہر تیسرے دن ایک تصویر پوسٹ کرنے کو کہا جبکہ تیسرے گروپ کو تصویر پوسٹ کرنے سے منع کر دیا۔ دو ماہ بعد ان لوگوں کی جسمانی و ذہنی صحت کے دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے جن میں معلوم ہوا کہ جو گروپ روزانہ ایک تصویر پوسٹ کرتا رہا تھا، اس میں اپنی صحت کا دھیان رکھنے کا رجحان دوسرے گروپ سے دوگنا زیادہ تھا، اس گروپ کے لوگ زیادہ باہر جا نے اور لوگوں سے ملنے لگے تھے، جس کے نتیجے میں ان کا ڈپریشن لیول بھی کم ہو گیا تھا۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر برنارڈ باؤن کا کہنا تھا کہ ’’سوشل میڈیا پر جتنی تصاویر پوسٹ ہوتی ہیں ان میں 76فیصد گھر سے باہر بنائی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تصاویر پوسٹ کرنے کے عادی افراد زیادہ گھروں سے باہر نکلتے اور لوگوں سے ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں اپنی صحت کو بہتر بنانے کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے اور تصاویر پر ان کے دوستوں اور رشتہ داروں وغیرہ کے کمنٹس بھی ان کی صحت پر بہت مثبت اثرات ڈالتے ہیں۔‘‘


