’پاکستان میں آئندہ انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے‘


پاکستان کے صدر ممنون حسین نے 25 جولائی 2018 کو ملک میں عام انتخابات کروانے کی منظوری دے دی ہے۔

ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن منعقد کیے جائیں گے۔آئین کے تحت موجودہ حکومت کی مدت اس مہینے کے آخر میں مکمل ہو رہی ہے جس کے بعد ساٹھ روز کے اندر عام انتخابات کروانا ضروری قانونی تقاضا ہے۔

عام انتخابات نگران حکومت کے تحت منعقد کیے جاتے ہیں جو انتقالِ اقتدار تک اپنے فرائض انجام دے گی۔

نگران حکومت کے قیام کے لیے حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ نگران وزیراعظم کے چناؤ کے لیے پہلے مرحلے میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو ایک نام پر اتفاق کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان اب تک متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں جو بظاہر بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کہہ چکے ہیں کہ کہ معاملہ لیڈر آف ہاؤس اور اپوزیشن کے درمیان ہی طے ہو یہ پارلیمان کے لیے اچھا ہو گا۔ ایسا نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔

سنہ 2013 کے انتخابات کے موقع پر بھی صورتحال کچھ خوش آئند نہیں تھی جب پارلیمنٹ کے بجائے الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم کا نام چنا تھا۔

اس وقت پاکستانی میڈیا پر مختلف جماعتوں کے ذرائع کے حوالے سے مختلف ناموں کی باز گشت جاری ہے تاہم آن ریکارڈ حکمراں جماعت اور اپوزیشن کسی بھی نام کو سامنے لانے سے گریزاں ہے۔

ذرائع کے حوالے سے چلائے جانے والے ناموں میں کہا جا رہا ہے کہ پی پی پی کی جانب سے جلیل عباس جیلانی اور ذکا اشرف کا نام لیا جا رہا ہے۔ جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) ناصر الملک کا نام سامنے آیا ہے۔

کچھ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ نگراں وزیراعظم کی موجودگی آئینی ضرورت ہے لیکن انتخابات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا اور اس کے لیے آزاد الیکشن کمیشن پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے اور جہاں تک ناموں کی بات ہے وہ ہر نگراں سیٹ اپ سے پہلے سامنے آتے رہتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp