سلیم کرلا مرحوم اور ایم پی اے انشاءاللہ


انتخابات کے دنوں میں سیاسی رنگارنگی میں ثقافتی رنگ بھی خوب ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ رقص، موسیقی، شاعری، نعرے اور تقاریر، جو انفرادی طور پر اور سیاسی جماعتیں بھی اپنا آپ دکھا رہی ہوتی ہیں۔ پرنٹ اور اب الیکٹرانک میڈیا انتخابی دنوں میں نت نئے پروگرام پیش کرکے سیاسی فضا میں طنزومزاح سے اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ پنڈی کے شیخ صاحب جن کو ہمارے الیکٹرانک میڈیا والے سیاسی پیشگوئیاں کرنے والے تجزیہ نگار کے طور پر بڑی کوششوں سے بلاتے ہیں، ان کے نام کے ساتھ جڑا دوسرا عوامی نام بھی ایک ٹی وی ڈرامے کے ایک ایسے ہی کردار سے جڑا ہے، شیدا ٹلی۔ انتخابات کے دوران متعدد امیدوار، انتخابی مہم میں اپنا آپ ”منوانے“ کے لیے کودتے ہیں۔ اُن کو اس سے کوئی غرض نہیں ہوتی کہ وہ الیکشن لڑ کر اسمبلی میں پہنچیں گے۔ انہی معروف انتخابی امیدواروں میں پرانی انارکلی سے تعلق رکھنے والے ایک امیدوار ”سلیم کِرلا“ نے جنرل ضیا کے خوف زدہ ماحول میں 1985ءکے غیرجماعتی انتخابات میں حصہ لے کر پورے ملک کی فضا کو آمریت کے پھیلائے ہوئے خوف زدہ ماحول سے نکال کر قہقہوں میں بدل دیا۔ سلیم کرلا کو پاکستان کے اخباروں سے لے کر بی بی سی جیسے عالمی نشریاتی اداروں نے اپنی خبروں اور تبصروں کا حصہ بنایا۔

پرانی انارکلی کے ایک چوبارے میں رہنے والا سلیم کرلا جب شام کو اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتا تو پورا لاہور وہاں امڈ آتا۔ غیر شادی شدہ، ساٹھ سے زائد عمر کا طویل القامت سلیم کرلا جب اپنے چوبارے سے لوگوں کو درشن کراتا تو پیچھے کھڑے ہزاروں لوگ، ڈفلیاں، ڈھول، جھنجھنے، توتو، سیٹیاں اور اپنی موٹر سائیکلوں سے ہارن بجا کر لاہور کے ہردلعزیز انتخابی امیدوار کا استقبال کرتے۔ لوگ شام ڈھلتے ہی اپنے ”محبوب لیڈر“ سلیم کرلا کا انتظار کرنے لگتے۔ اور جب سلیم کرلا اپنے چوبارے کی بالکنی سے اپنے لمبے ہاتھ ہلا کر لوگوں کااستقبال کرتا، تو انارکلی کی فضا نعروں سے گونج جاتی۔ لوگ دھمالیں ڈال کر خوشی مناتے اور سلیم کرلا ہاتھ ہلا ہلا کر اپنے چاہنے والوں کو سلام پیش کرتا۔ میں بھی اکثر اپنے ”فکرمند سیاسی ذہن“ کو رونق بخشنے کے لیے سلیم کرلا کی جھلک دیکھنے دیگر دوستوں کے ہمرا ہ وہاں پہنچ جاتا۔اس کا انداز کسی طرح بھی اٹلی کے مقبول ڈکٹیٹر مسولینی سے کم نہ تھا۔ اُن دنوںمسولینی پر میں ایک فلم دیکھ چکا تھا۔ وہ بھی اسی طرح اپنی بالکنی سے لوگوں سے خطاب کرنے سے پہلے ہاتھ ہلا کر سلامِ محبت پیش کرتا۔ سلیم کرلا کا انداز مسولینی سے کم نہ تھا۔ کاش خادمِ اعلیٰ اورنج ٹرین پر جب اپنا ”ہاتھ ہلا ہلاکر“ خالی گلیوں کو سلام کررہے تھے تو وہ سلیم کرلا کی کوئی ویڈیو ہی منگوا کر دیکھ لیتے کہ سٹیج سے نیچے لوگوں کو ہاتھ ہلا کر سلام کیسے کیا جاتاہے۔ خادم اعلیٰ پنجاب کا ہاتھ نہیں پانچوں انگلیاں چھنکنے کی طرح ہل رہی تھیں اور نیچے گلیاں خالی تھیں۔ البتہ ان کا افسر شاہی میں گندھا ہوا میڈیا پیچھے سے اُن کے کندھے سے ویڈیو بنا کر اپنی کارروائی ضرور ڈال رہا تھا۔

سلیم کرلا نے 1985ءکے غیر جماعتی انتخابات میں جس طرح ملک کی فضا کو قہقہوں میں بدل دیا، وہ میرے جیسے سنجیدہ سیاسی لوگوں کے لیے ہوا کا ایک جھونکا تھا۔ انہی انتخابات نے موجودہ سیاسی انتخابات لڑنے والوں کی بنیاد رکھی تھی۔ موجودہ Electablesاسی غیرجماعتی انتخابات میں ابھر کر سامنے آئے۔ یہی وہ انتخابات تھے جن میں پہلی مرتبہ جناب میاں نوازشریف نے الیکشن لڑا اور ابھی تک لڑتے اور مسلسل جیتتے چلے آ رہے ہیں۔ افسوس کہ سلیم کرلا اپنی تمام تر مقبولیت کے باوجود 1985ء کے الیکشن ہار گئے۔

ہمارے ہاں انتخابات میں لگنے والے بڑے بڑے بینرز اگر دلچسپی کے موڈ میں پڑھے جائیں تو اس کا اپنا ہی ایک لطف ہے۔ اور اب پارٹی ٹکٹوں، انتخابی شیڈول، انتخابی نشانات اور دیگر حتمی اقدامات سے پہلے ہی ایسے بینرز اور نیون سائن اکثر مقامات پر نظر آنے شروع ہو گئے ہیں۔ مگر ذرا ان امیدواروں کی مہم (Campaign) کی دانش پر توجہ دیں۔ مثلاً امیدوار کا نام ہے ملک تنویر عباس، ابھی اس کی پارٹی نے اس کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ تو کجا، ابھی اس نے ٹکٹ کی درخواست بھی جمع نہیں کروائی، مگر بینروں کی وساطت سے موصوف ایم پی اے بن چکے ہیں۔ بینر کچھ یوں ہوتا ہے۔ ملک تنویر عباس، ایم پی اے انشاءاللہ۔ یہ انشاءاللہ کے ایک لفظ نے اُس کو جو مقام دیاہے، شاید ہی کوئی اور لفظ اُس کو یہ مقام دلوا سکے۔ملک تنویر عباس ایم پی اے بڑا ور انشاءاللہ چھوٹا سا۔ اسے کہتے ہیں عوام میں اپنے لیے رائے ہی نہیں بلکہ دھاک بٹھانا۔

ایک مرتبہ میں سپین جارہا تھا، جہاز میں میرے ساتھ ایک ”محب وطن تارکِ وطن“ تشریف فرما تھے جنہیں وطن ترک کیے ہوئے تیس سال سے زائد عرصہ ہوچکا تھا۔ مگر تارک الوطنی ان کی محب الوطنی کو کم نہ کرسکی۔ بلکہ یورپ کی مغربی تہذیب بھی اُن کی ”وطنی صلاحیتوں“ کو کم نہ کرسکی نہ دھندلا سکی۔ موصوف نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے مجھے بڑے شوق سے اپنا وزٹنگ کارڈ پیش کیا، اس پر لکھا تھا:

Javed Iqbal Gondal, MNA (Defeated)

ان صاحب نے بھی 1985ءکے الیکشن میں حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پاکستان آکر انتخابات میں حصہ لیا۔ پہلے تو میں بڑا متاثر ہوا کہ گوندل صاحب رکن اسمبلی بن چکے ہیں۔ اسمبلی اور جمہوریت کے حوالے سے بات چیت شروع کی تو انہوں نے میرے چند سوالات پر بڑی ایمان داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں رکن اسمبلی نہیں ہوں۔ میں نے کارڈ جیب سے نکالا اور دوبارہ غور سے پڑھنے کے بعد میں اُن کی قابلیت پر ششدر رہ گیا۔ گوندل صاحب کہنے لگے، ہاں میں نے الیکشن لڑا تو تھا لیکن مجھے Defeat ہوگئی۔ تو کیا ہوا اگر میں نے MNA Defeated لکھ دیا۔ یہ سچ ہی تو ہے۔ کمال کرتے ہیں یہ لیڈر۔

ہاں، دو روز قبل مجھے اپنا کیریکٹر سرٹیفکیٹ لینے کے لیے سول لائنز پولیس سٹیشن جانا پڑا۔ میرے ہمراہ پولیس کا ایک نوجوان میرے کاغذات کی پروسیسنگ کے لیے مددکررہا تھا۔ وہاں تنگ جگہ پر عمارت کے اندر ایک صاحب اپنی فیملی کے ہمراہ بھی موجود تھے۔ یقینا وہ کوئی وی آئی پی تھے، اسی لیے پولیس لائنز کی عمارت کے اندر اُن کی کار کو پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ باہر جانے کے لیے جگہ کم تھی۔ وہ صاحب گاڑی سے باہر نکلے اور سینہ اور بازو پھلا کر بڑے رعب دار انداز میں چلنے اور وہاں کھڑے پولیس اہلکاروں کو حکم دینے لگے۔ میرے ہمراہ پولیس کا نوجوان متاثرکن انداز میں کہنے لگا، کوئی وی آئی پی ہے۔ میں نے پوچھا، کون ہے، کون ہوسکتا ہے؟ پولیس نوجوان نے کہا، ”یقینا کوئی ایس ایچ او یا کوئی لیڈر۔“ تب پتا چلا کہ آج ہمارے ہاں لیڈر کس قدر طاقتور ہیں۔ وہ صاحب کسی محلے کے کونسلر سطح کے لیڈر ہوں گے ۔

جب ہمیں سیاست کرنے کا جنون تھا، اس وقت تو پولیس تھانوں میں لیڈروں کی چھترول کی جاتی تھی۔ لیڈروں کو بیڑیاں پہنائی جاتی تھیں۔ اُن کے گھروں میں اہل خانہ کو سربازار رسوا اور خوف زدہ کیا جاتا تھا۔ اُن کے کاروباروں کو تباہ وبرباد اور اُن لیڈروں کو پس زنداں پھینک دیا جاتا تھا۔ پشتوں پر کوڑے برسائے جاتے اور جائیدادیں ضبط کرلی جاتی تھیں۔ ان کی زندگیاں لوٹ لی جاتی تھیں۔ اور اب تو لیڈر جس طرح ٹیلی ویژن پروگراموں میں دندناتے ہیں، آنکھیں یقین نہیں کرپاتیں۔ اخبارات، لیڈروں کے بیانات اور اُن کی کہانیوں سے لبریزہیں۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں سب سے بڑا حصہ دار (خبروں اور بیانات کے حوالے سے) یہ ہر سطح کے لیڈر اور لیڈریاں ہیں۔ انشاءاللہ لیڈر، تعداد میں اُن منتخب لیڈروں سے زیادہ ہیں جو ووٹ لے کر لیڈر بنے۔ ایم پی اے انشاءاللہ۔ ایم این اے انشاءاللہ۔ وزیراعلیٰ انشاءاللہ۔ وزیراعظم انشاءاللہ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).