’جنوبی ایشیا میں تمام عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہونی چاہیے‘: امریکی وزیرِ خارجہ


امریکی وزیرِ خارجہ مائک پومپے نے ایک مرتبہ پھر پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔

امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مائک پومپے نے بدھ کے روز پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر بات کی جس میں انھوں نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری لانے کے طریقہِ کار، افغانستان میں سیاسی اتفاقِ رائے کی اہمیت اور جنوبی ایشیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی پر غور کیا۔

خیال کیا جارہا ہے کہ ان کا اشارہ افغانستان میں کارروائیاں کرنے والے طالبان گروہوں بشمول حقانی نیٹ ورک کی جانب ہے جنھیں امریکی دعوؤں کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پناہ دی جاتی ہے۔

نامہ نگار ارم عباس کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطحی بات جیت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب امریکہ اور پاکستان کے تعلقات حال ہی میں مزید کشیدہ ہوے ہیں اور گذشتہ ماہ ہی دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے سفارتکاروں پر سفر کی پابندی عائد کی ہے۔ مائک پومپے نے حال ہی میں امریکی رکن پارلیمان کو بتایا ہے کہ پاکستان میں امریکی سفارتکاروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا۔ اس سے پہلے امریکہ نے پاکستان کو دی جانے فوجی امداد روکنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ نے الزام لگایا کہ پاکستان انتہا پنسدوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کر رہا ہے۔ پاکستان ان تمام الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔ اس سال کے شروع میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹیوٹ کے ذریعے کہا تھا کہ پاکستان امریکی سیاستدانوں کو بیوقف بناتا آیا ہے اور امریکہ انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مالی امداد کر رہا ہے اور پاکستان انہی انتہا پسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کر رہا ہے۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp