افغانستان میں عید پر جنگ بندی: افغان فوجی اور طالبان بغل گیر
افغانستان میں عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کے دوران افغان طالبان اور حکومتی افواج کو ایک دوسرے سے گلے ملتے دیکھا گیا ہے۔ دارالحکومت کابل میں افغان طالبان جنگجوؤں نے وزیر داخلہ ویس برمک کے ساتھ ملاقات بھی کی ہے۔ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکام کے مطابق مغربی شہر ننگرہار میں طالبان اور حکومتی اہلکاروں کے ایک اجتماع میں ایک خودکش حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ننگرہار صوبے کے ترجمان آیت اللہ خوگیانی نے بی بی سی کو بتایا کہ طالبان ارکان اور مقامی رہائشی بھی اس حملے میں ہلاک ہوئے ہیں جو ایک پیدل خودکش بمبار نے کیا تھا۔ صدر اشرف غنی اس جنگ بندی کو دیرپا امن کی جانب گامزن دیکھنا چاہتے ہیں اور انھوں نے طالبان سے مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں افغان طالبان نے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے خفیہ مذاکرات کی تردید کی تھی۔ صدر اشرف غنی نے افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں پاکستانی طالبان کے کمانڈر ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔
افغان نیوز چینل طلوع نیوز نے شمالی شہر قندوز کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ایک جنگجو کو افغان سپاہی کے ساتھ گلے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔
https://twitter.com/TOLOnews/status/1007884012344565761
چینل ون نے کابل کے جنوب میں واقع شہر غزنی میں جنگجوؤں اور سپاہیوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔
https://twitter.com/1TVNewsAF/status/1007926724821180416
جنگ بندی کے موقع پر کابل میں بھی درجنوں کی تعداد میں غیرمسلح طالبان جنگجو داخل ہوئے ہیں۔ ایک تصویر میں ایک طالبان رکن کو افغان جھنڈے کے ساتھ شہر کے ایک پل پر دیکھا جا سکتا ہے جس کے ساتھ رہائشی سیلفیاں لے رہے تھے۔
وزیر داخلہ ویس برمک کے ساتھ بھی جنگجوؤں کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔
https://twitter.com/TOLOnews/status/1007933910016315392
افغان حکومت کی جانب سے بدھ تک یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد افغان طالبان نے بھی تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ گذشتہ سنیچر کو افغان طالبان نے اپنے گروپ میں شامل تمام جنگجوؤں کو ہدایت کی تھی کہ عید الفطر کی تعطیلات میں اپنی تمام کارروائیاں روک دیں لیکن اس کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ انھیں حملے کی صورت میں اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2001 میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی افغانستان میں کارروائیوں کے آغاز سے لے کر اب تک طالبان نے پہلی بار جنگ بندی کی ہے۔ امریکہ کے محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی افواج اور اتحادی جنگ بندی کا ‘احترام’ کریں گے۔
واضح رہے کہ فروری میں اشرف غنی نے طالبان کو پیشکش کی تھی کہ اگر طالبان قانون کی پاسداری کرتے ہیں تو وہ ‘پیشگی شرائط’ کے بغیر امن مذاکرات اور طالبان کو قانونی سیاسی گروہ تسلیم کر سکتے ہیں۔


