عامر لیاقت حسین کی مبینہ دوسری بیوی کون ہیں؟


عام انتخابات میں ممتاز عالم دین اور سیاست دان عامر لیاقت حسین کے کاغزات نامزدگی سے اٹھنے والے ہنگامے تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ ڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں اپنی ڈاکٹریٹ کی ڈگری جمع نہیں کرائی جس کے بعد وہ اب مزید ڈاکٹرنہیں رہے۔ دوسری طرف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں تحریک انصاف نے حلیم عادل شیخ سے ٹکٹ واپس لے کر عامر لیاقت حسین کو دیا ہے۔ جس پر تحریک انصاف کے کچھ کارکن اس قدر ناراض ہیں کہ انہوں نے عامر لیاقت کے پوسٹروں پر “ٹکٹ چور” لکھ دیا ہے۔

ابھی یہ تبصرے ختم نہیں ہوئے تھے کہ سوشل میڈیا پر نیا ہنگامہ برپا ہو گیا اوران کی مبینہ دوسری بیوی بھی منظرعام پر آ گئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ عامر لیاقت ھسین نے ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کی خاتون ملازم سیدہ طوبیٰ انور سے کچھ ماہ قبل ہی خفیہ طورپر شادی کی اور اپنے کاغذات میں اس کا ذکر تک نہیں کیا۔

دنیا نیوز کے مطابق ایک عرصے سے افواہیں زیرگردش ہیں کہ عامرلیاقت نے سیدہ طوبیٰ انور سے شادی کی اور اب یہ افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔ عامر لیاقت حسین کراچی سے حلقہ این اے 245سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کی مبینہ دوسری بیوی سیدہ طوبیٰ انور ایک نجی ٹی وی چینل میں اسسٹنٹ منیجر کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں اور عامر لیاقت حسین ان کے پیغامات کو سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کیساتھ بھی شیئرکرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہی کچھ دستاویزات بھی زیرگردش ہیں جو شادی کی افواہوں کو تقویت بخشتی ہیں تاہم عامر لیاقت حسین اس کی تردید کرچکے ہیں اور انہوں نے 2018ءالیکشن کے لیے جمع کرائے کاغذات نامزدگی میں بھی دوسری شادی کا ذکر نہیں کیا۔

رمضان ٹرانسمشن سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے عامر لیاقت حسین کے شناختی کارڈ کے مطابق ان کا نام عامرحسین ولد شیخ لیاقت حسین ہے جبکہ دوسری مبینہ بیوی کے شناختی کارڈ کے مطابق بھی ان کے شوہر کا نام عامرحسین ولد شیخ لیاقت حسین ہے۔

دنیانیوز کے مطابق 7000 پر کسی بھی شخص کے شناختی کارڈ کا نمبر میسج کر کے تصدیق کی جا سکتی ہے اور دنیا نیوز نے بھی نادرا سمیت دیگر ذرائع سے اس کی تصدیق کی۔ اس کے بعد نادرا سے سیدہ طوبیٰ کے ازدواجی سٹیٹس کے بارے میں ملنے والی رسید کے مطابق بھی وہ عامر حسین کی اہلیہ ہیں۔

دستیاب معلومات کے مطابق عامر لیاقت حسین نے چند ماہ قبل دوسری شادی کی اوران کے قریبی دوستوں سید علی امام ، حمود منور اور عبدالوہاب کی موجود گی میں مفتی عبدالقادر نے نکاح پڑھایا اور یہ لوگ گواہ بھی تھے لیکن اپنے کاغذات نامزدگی میں ڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے پہلی بیوی بشریٰ عامر اور بیٹی دعا عامر کا ذکر کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).