آئی ایس آئی ہیڈ کواٹر کے سامنے بند سڑک کھولنے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل
پاکستان کی عدالت عظمی نے فوج کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلیجنس یعنی آئی ایس آئی کے ہیڈ کوراٹر کے سامنے سے گزرنے والی سڑک کھولنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وزارت دفاع کی طرف سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جسے چند گھنٹوں کے بعد ہی سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے سے گزرنے والی سڑک خیابان سہروردی کے کچھ حصے کو، جو عرصہ دراز سے بند ہے، دوبارہ نہ کھولنے پر سیکرٹری دفاع اور آئی ایس آئی کے سربراہ کو چار جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جانے والی ایک متفرق درخواست میں وزارت دفاع نے سڑک کھولنے سے متعلق چھ ہفتوں کی مہلت کے علاوہ سیکرٹری دفاع اور ڈی جی آئی ایس آئی کی حاضری سے استثنی مانگا تھا جسے عدالت نے منظور کر لیا تھا۔ اس درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آئی ایس آئی میں سینکٹروں افراد کام کرتے ہیں اور مختلف کالعدم تنظیموں کی طرف سے ان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وزارت دفاع چھ ہفتوں میں مناسب سکیورٹی کا متبادل انتظام کرنے کے بعد اس سڑک کو کھولنے کے بارے میں عدالت کو آگاہ کرے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ریلیف ملنے کے بعد وزارت دفاع نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اس درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سڑک کو تو ہر حال میں کھولنا پڑے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر اس ضمن میں فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ کو بھی بلانا پڑا تو اس سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔
عدالت نے سی ڈی اے حکام سے استفسار کیا کہ کیا ماسٹر پلان میں سڑک کے اس حصے کو بند رکھنے کی کوئی تجویز دی گئی تھی جہاں پر آئی ایس آئی کا ہیڈ کوراٹر واقع ہے۔ سماعت کے دوران عدالت میں ایک دستاویز بھی پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے نے سڑک کا وہ حصہ جس کو بند کر دیا گیا ہے اس کو آئی ایس آئی کو آلاٹ کر دیا ہے۔
ایڈشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے سے گزارنے والی روڈ کو دوبارہ کھلوانے سے متعلق کوئی درخواست نہیں آئی تھی بلکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے سڑک کے اس حصے کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے پاس از خود نوٹس لینے کا اختیار نہیں ہے جس پر عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل اسلام آباد میں تجاوزات کے بارے میں از خود نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں واقع دو فائیو سٹار ہوٹلوں کے سامنے سے گزرنے والی بند شاہراؤں کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا۔ اس سماعت کے دوران عدالت کی توجہ آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے سے گزرنے والی سڑک کی بندش کے بارے میں دلائی گئی جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’آبپارہ والوں سے بھی کہیں گے کہ وہ سڑک کھولیں۔‘
تاہم سپریم کورٹ کی طرف سے آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے سے گزرنے والی سڑک کو کھولنے سے متعلق کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔


