ٹیکسی سروس کریم کا سیاسی کریش ہو گیا



(ہم سب نیوز) آن لائن اپلیکیشن کے ذریعے ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ”کریم“ نے پاکستان کے عام انتخابات کے دوران اپنی مارکیٹنگ کمپین کے نا مناسب سلوگن جاری کرنے پر معذرت کا اظہار کر لیا۔

تفصیل کے مطابق ”کریم“ نے مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی نعروں کو اپنی تشہیری مہم میں اس طرح برتا کہ عوام کا شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

”کریم“ کی گزشتہ ہفتے سے جاری تشہیری مہم میں اس طرح کی ٹیگ لائن دکھائی گئیں۔
”پرومو کیوں نکالا“؟
”کل بھی پرومو زندہ تھا، آج بھی پرومو زندہ ہے“۔

اسی طرح مسلم لیگ ”نون“ کو ہٹ کرتا ”آفٹر نون“، پیپلز پارٹی کے حامیوں کو ناراض کرتا ”ٹین پرسینٹ“ پرومو ٹیگ پر بھی نا پسندیدگی کا اظہار دیکھنے میں آیا۔

”کریم“ کی یہ تشہیری مہم بجائے اس کے کہ کمپنی کو فائدہ دیتی، اُلٹا ”کریم“ کی ساکھ کو متاثر کر گئی۔ سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے یہ اعلان کیا کہ وہ کریم اپلیکیشن ان انسٹال کر رہے ہیں۔ کچھ کا کہنا تھا کہ ”کریم“ ایک تجارتی کمپنی ہے اسے سیاسی نعروں کو استعمال کر کے اپنی ساکھ پر سوالیہ نشان نہیں لگانا چاہیے تھا، کچھ یہ الزام لگاتے پائے گئے کہ ”کریم“ یہ سب کچھ ایک خاص ایجنڈے کے تحت کر رہی ہے۔

”کریم“ نے یہ رد عمل دیکھتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ کسی سیاسی جماعت کے حامی یا مخالف نہیں ہیں، ان کا مقصد محض اتنا سا تھا کہ عوام انتخابات میں دل چسپی لیں ووٹ‌ کاسٹ‌ کریں۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ ”کریم“ ایک غیر جانب دار ادارہ ہے، اور کسی سیاسی جماعت کی حمایت کرتا ہے نہ مخالفت۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).