جس رفتار سے سزا ہوئی اپیل کا فیصلہ بھی اتنا ہی تیز ہو، پرویز رشید
مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے جس تیز رفتاری سے نواز شریف کی سزا کا فیصلہ کیا گیا ہے اسی تیز رفتاری سے اپیل کا فیصلہ بھی کیا جائے گا،گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ آج مقدمے کی سماعت میں نواز شریف کو پیش نہیں کیا گیا، کیوں نواز شریف کو قانونی حق نہیں دیا جارہا کہ وہ سماعت کے دوران موجود ہوں۔ نواز شریف کی حاضری سے کیوں گریز کیا جارہا ہے ہم سماعت سننا چاہتے ہیں اور آئے ہوئے ہیں، فکر ہے جس رہنما کو دیکھنے کے لئے لوگ کھڑے رہتے تھے انہیں پوشیدہ کیوں رکھا جارہا ہے۔ ہم عدالت کے پاس آئے ہیں اور عدالت نے قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں، 2013 سے 2018 تک مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہے مجھے یہ بتایا جائے کس سیاسی رہنما پر ہم نے اس طرح کا مقدمہ چلایا ہے۔ کون سے سیاسی رہنما کو روزانہ کی بنیاد پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ہو۔ کس رہنما کے ساتھ اس طر ح کا واقعہ پیش آیا ہے جس طرح نواز شریف کے ساتھ کیا جارہا ہے،نواز شریف کی عدم موجودگی میں ریفرنس کی سماعت پر سوالات اٹھیں گے،چند دن پہلے اصول یہ تھا تینوں حاضر ہوں کہ کارروائی جاری رکھی جائے اب یہ اصول بن گیا کہ تینوں کو پیش نہ کیا جائے تاکہ کارروائی جاری رکھی جائے، پہلے عدالت میں لانا اور اب چھپانا کیوں ضروری سمجھا جارہا ہے؟

