نام نہاد الیکٹیبلز کے احتساب کے دعوے


یار لوگ کہتے ہیں کہ مہاتیر محمد نے الیکٹبلز کے ذریعے تبدیلی لا کے دکھائی عمران بھی ایسا کرے گا۔ اور ماضی میں یہ الیکٹبلز پی پی پی اور ن میں آتے جاتے رہے ہیں تب کوئی نہیں بولا خان کی باری ہی کیوں شور مچایا جا رہا ہے ؟ یاروں سے عرض ہے کہ عمران نے خود کو ان دونوں پارٹیوں سے پاک اور افضل بتایا تھا۔ اس نے ہمیں نیا پاکستان بنانے کا خواب دکھایا تھا نوجوانوں اور مڈل کلاس لیڈر شپ دینے کی بات کی تھی ان نام نہاد الیکٹیبلز کے احتساب کے دعوے کیے تھے۔

عمران خان نہ تو مہاتیر محمد ہیں اور نہ ہی پاکستان ملائشیا اور ویسے بھی بے چارے مہاتیر محمد کا بانوے سال کی عمر میں واپس سیاست میں کودنا ان کی ناکامی کا ہی ثبوت ہے۔ مزید کل کو یہ الیکٹیبلز جب فارورڈ بلاک بنائیں گے ناجائز مطالبات کے لیے دباؤ ڈالیں گے تو خان صاحب کیسے حکومت چلا پائیں گے؟

کے پی کے میں ضیا اللہ آفریدی نامی اک شخص نے جب پرویز خٹک کے خلاف ثبوت عمران خان کو پیش کیے تو عمران نے کیا کر لیا کیا؟ آپ کو نہیں معلوم کے مائنز کے ٹھیکوں میں کتنی کرپشن ہوئی؟ پرویز خٹک کے کون کون سے رشتہ داروں کو پرمٹ دیے گئے؟ کون سے بینک پر کس کا دباؤ آیا؟ کسی خاص کے لیے کون سی پوسٹ کرئیٹ کی گئی؟
عمران خان نے آفریدی کی کرپشن پر پختونخواہ احتساب ادارے کو ایکشن لینے کا تو کہا طاقتور لابی کے خلاف وہ کیوں کچھ نہ کر سکے۔

عمران خان نے اس قوم کو جو خواب دکھائے ہیں وہ ٹوٹنے کے بعد جو مایوسی پھیلے گی۔ اک کمزور سی حکومت کو جب کٹھ پتلی کی طرح نچایا جائے گا۔ اس ڈرامے سے جو سیاسی خلا پیدا ہو گا۔ وہ مستقبل پر کیا اثر ڈالے گا؟ اس کا سوچیں اور پھر دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا الیکٹیبلز والے فیصلے کا دفاع کرنا ضمیر کا فیصلہ ہے؟

حد ہے اک مثالی ریاست کی بات کون کرتا رہا یعنی اب عمران خان کے فعل کا جواز نون لیگ اور پی پی سے تقابل کر کے تلاشا جائے گا۔ صاف چلی شفاف چلی جیسا سٹینڈرڈ کس نے سیٹ کیا تھا؟ عمران کو شہرت کس بنا پر ملی؟ بیس سال لگے یہ مقام اور عوام کا یہ اعتماد حاصل کرنے میں۔ کل تک جس برائی کے خلاف اعلان جہاد کرو پھر خود اسی برائی میں ملوث ہو جاؤ۔ چلیں مان لیا کہ ان کو ضرورت تھی۔ مگر کیا ان کو کلیدی عہدوں پر بٹھانا بھی ضرورت تھی؟

آج تحریک انصاف کا باڈی سٹرکچر اٹھا کر دیکھیں اور آٹے میں نمک برابر ہی سہی نظریاتی و بانی کارکنان دکھا دیں جو جماعت کی باڈی کا حصہ ہوں تحریک انصاف نے سو میں سے نوے ٹکٹس ان نام نہاد الیکٹبلز کو دے دیں جناب عالی دل کے بہلانے کو خیال ضرور اچھا ہے مگر یہ الیکٹبلز بہت گھاگ ہیں گھاٹ گھاٹ کا پانی پی رکھا ہے انہوں نے یعنی یہ تو حد ہی ہو گئی جن کا احتساب کرنا تھا ان کو انقلاب کا حصہ بنا لیا شکاری صاحب جن کا شکار کرنا تھا ان کو ساتھ ملا کر نکلے خدا معلوم اب شکار کون ہو گا؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).