بے نظیر بنام بلاول


میرے بیٹے جیتے رہو، یقین جانو مجھے اتنی خوشی ہوتی جب تمھیں بالکل نانا اور میرے انداز میں تقریر کرتے دیکھتی ہوں۔ میرا دھیان ہر لمحے تم تینوں اور خصوصا بلاول تمھاری سرگرمیوں پر رہتا ہے۔ میں جانتی ہوں میرے بعد تم تینوں کے لیے خود کو سنبھالنا مشکل تھا اور سب سے زیادہ آصفہ نے ہمت اور دلیری کا مظاہرہ کیا جس نے تم دونوں کو حوصلہ دیا حالانکہ کے وہ چھوٹی تھی اور میری شہادت کے وقت بہت زیادہ غمزدہ اور گھبراگئی تھی۔ وہ اکثر راتوں کو جاگ کر مجھے یاد کرتی اس نے نہ صرف خود کو سنبھالا بلکہ سب کو ذھنی طور پر اگلے مرحلے کے لئے تیار کیا۔

تمھارے والد نے سیاسی میدان جیسے تیسے اپنے اور پارٹی کے حق میں بنایا لیکن میں سمجھتی ہوں وہ دور بھی بڑا مصائب اور تکالیف سے بھرا تھا۔ کئی باتیں تم لوگ بھی نہیں جانتے کیونکہ چھوٹے تھے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ حالات بہتر ہوگئے۔

بلاول۔ مجھے سب سے زیادہ دکھ جس بات سے ہوا وہ پارٹی کا سندھ سے باہر بتدریج مقبولیت کھو جانا تھا، تمھارے نانا اور پھر میں نے بڑی محنت سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں لوگوں کی بڑی تعداد کو اپنے ساتھ جوڑا تھا۔ لیکن ان دس برسوں میں جیسے میرے جاتے ہی ہمارے جیالوں نے نظریں پھیر لیں۔ پارٹی کی قیادت ان کی توقعات پر پوری نہ ہوسکیں۔

ہماری طویل جدوجہد کے دوران اسٹیبلشمنٹ نے کئی بار پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی مگر اسے ہر بار ناکامی اٹھانا پڑی۔ وہ جس مشن میں کامیاب نہ ہوئے وہ پارٹی کے قیادت نے پورا کردکھایا۔

میرا دل اپنے جیالوں کو نواز اور عمران کے ساتھ دیکھ کر خون کے آنسو روتا ہے۔ لوگ کہتے ہیں میری پارٹی کرپشن میں ملوث تھی اس لیے وہ اب مقبول نہیں میں یہ بات ماننے کے لئے ہرگز تیار نہیں۔ یہ معاملہ ہر پارٹی کے ساتھ ہے، درحقیقت ہمارے لوگوں نے ورکرز سے خود کو دور رکھا، ان کے کام نہیں آئے یہ وہ جیالے تھے جنہوں نے مارشل لائی دور میں کسی لالچ کے بغیر پارٹی کے لیے اپنا وقت نکالا مگر ان کے مشکل وقت میں پارٹی نے پلٹ کر دیکھا تک نہیں۔

بلاول، تمھیں معلوم ہونا چاہیے کسی بھی سیاسی پارٹی کی اصل جان اس کے پرعزم اور وابستہ رہنے والے کارکن ہوتے ہیں، انہیں کی بنیاد پر جماعت زندہ ہوتی اور دوسروں کا مقابلہ کرتی ہے۔ انہیں کے خوف سے بڑی طاقتیں ہل جاتی ہیں۔

بیٹا تم میدان عمل میں آگئے تمھارے بارے میں تجزیہ کاروں اور مخالفین کو یہی کہنا تھا کہ یہ ایک بے بی بوائے ہے، اس کی میچورٹی کا لیول ابھی کچھ نہیں۔ لیکن تم نے پارٹی کی انتخابی مہم جس انداز سے چلائی اس سے نہ صرف میں بلکہ بڑے بڑے پنڈت سوچ میں پڑگئے۔

دونوں بڑی جماعتیں اگرچہ اپنی جیت اور مخالف کی شکست کے نشے میں نہ جانے کیا کچھ بول جاتیں ہیں، لیکن سیاست کے موجودہ ماحول میں جس طرح کی زبان کا استعمال اور سوچ کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، وہ نئی نسل کے لئے پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔ سازش اور جھوٹ کو اب بے نقاب کرنا مشکل نہیں۔ بیٹا تم نے مہذب انداز اپنایا بہت اچھا کیا، یہی تمھاری تربیت تھی، ان مخالفین نے تمھاری والدہ، نانی کو بھی نہین بخشا، لیکن یاد رکھناتم نے ایسا کچھ نہیں کرنا، مخالفین کو منہ کی کھانا پڑے گی، یہ ایک دوسرے کو جسیے بھی مخاطب کریں تم نے اپنے رویے کو نہ صرف جمہوری رکھنا ہے بلکہ اپنے لیے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانا ہے۔ یہ کوئی مشکل کام نہیں، آنے والا وقت تمھارا ہے۔ انہوں نے لڑ لڑ کے مرجانا ہے۔

تم نے غصہ کبھی نہیں کرنا سیاست میں رواداری سے کام لینا پڑتا ہے، میں نے اپنے خلاف تنقید، سخت الفاظ ہمیشہ برداشت کیے، کسی بھی مشکل حالت میں گھبرائی نہیں، حتیٰ کہ ان لوگوں نے باقاعدہ حملے شروع کردیئے اور جان لینے پر اتر آئے۔ یہ میری مستقل مزاجی تھی، جس نے مجھے آج بھی ان لوگوں سے منفرد بنایاہے۔ اپنے اخلاق اچھے رکھو، پھر دیکھو، یہ سب مخالف بھی تمھارے گرویدہ ہوجائیں گے اور تم سے خائف بھی ہوجائیں گے۔ کیونکہ ان سے ایسا کرنا ممکن نہین۔ یہ نارمل رویہ دکھانے کے عادی نہیں۔ انہیں دوسروں کی ٹانگیں کھینچنے کی عادت ہے۔

بلاول۔ تم اپنی راہ تعین کرلو، آنے والے برسوں میں تمھاری بہن آصفہ بھی تمھارا بازو بنے گی، بیٹا ہمارے خاندان نے عوام کی خدمت کے جذبے سے ہمیشہ سیاست کی ہے یہ ہمارے لیے مشن ہے اور تمھیں اس مشن کی تکمیل کرنا ہے۔

بلاول میں امید کرتی ہوں تم جیت کر اسمبلی میں جاؤ اور وہاں ایک بھرپور پارلیمنٹیرین کا کردار ادا کرکے سب کو حیران کردو، قوم کو یاد دلادو کہ بھٹو معولی نہیں ہوتے یہ دوسروں سے مختلف ہوتے ہیں۔

بھٹو عوام کے لیے پیدا ہوئے اور عوام کے لئے مرتے ہیں۔
میری پارٹی کے جیالوں کو کبھی خود سے دور نہ کرنا، وہ حالیہ الیکشن میں مایوس ہوگئے ہیں، انہں بتادینا کہ آنے والا وقت ہمارا ہے۔

بلاول میرا بیٹا اپنا خیال رکھنا۔
اللہ تمھارا نگہبان ہو۔

فقط تمھاری والدہ
بے نظیر بھٹو

Facebook Comments HS

نعمان یاور

نعمان یاور پرنٹ اور الیکٹرانک صحافت میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل سے وابستہ ہیں

nauman-yawar has 153 posts and counting.See all posts by nauman-yawar