25 جولائی کے انتخابات -وسیع تر تاریخی تناظر میں


دوسری جنگ عظیم میں جرمنی ، جاپان کو عملی طور پر شکست ہو چکی تھی ۔ دُور افتادہ ملک امریکہ کا بلا ضرورت آخری لمحات میں جاپان پر ایٹم بم گرا کر دنیا پر اپنی دھاک بٹھانا اس بات کا اعلان تھا کہ اب برطانیہ کی ختم ہوتی ہوئی سیاسی طاقت کا جانشین امریکہ ہوگا جو برطانیہ کے تجارتی و مالی مفادات کا وارث بھی ٹھہرا۔ افغانستان کو برطانوی جُزوی تسلط سے آزاد ہوئے دس سال کا عرصہ بیت چُکا ہے۔1929ء میں امان اللہ کا کزن نادر خان بر سر اقتدار آیا جو چار سال بعد 1933 میں اندرونی بغاوت میں قتل کر دیا گیا ۔ مقتول کے بیٹے ظاہر شاہ نے باپ کے قتل کے بعد مسند اقتدار سنبھالی جس کو طویل ترین عرصہ بادشاہت کے بعد 1973 میں اس کے رشتہ دار وزیر اعظم سردار داؤد نے اس وقت اقتدار سے محروم کر دیا جب وہ اپنے دانتوں کے علاج کے سلسلے میں یورپ میں عارضی رخصت پر تھا۔اس بے چارے بادشا ہ نے بقیہ زندگی یورپ میں چھوٹی موٹی ملازمت کرکے بسر کی۔ سردارداؤد برطانیہ اور امریکا کی بجائے روس کے ذہنی طور پر زیادہ قریب تھا۔ پاکستان نے 1947ء میں آزاد ہونے کے بعد روس کی دعوت ٹھکرا کر امریکا یا ترا کی جو کوشش کی وہ اسکے برطانیہ و امریکی گروپ میں شمولیت کا اظہار سمجھا گیا۔ بعد میں اس غلطی کا ادراک ہوتے ہی جب روس سے تعلقات بحال کرنے کی کوشش کی گئی تو اسکا خمیازہ وزیراعظم پاکستان لیاقت علی خان کے قتل کی صورت بھگتنا پڑا۔ امریکا نوخیزاسلامی ملک میں اپنے مفادات کے لئے قدم جما چکا تھا۔

جولائی 1958 میں امریکی صدر آئزن ہاور کی پاکستانی وزیرا عظم سہر وردی سے حاصل کردہ اجازت کے تحت یکم مئی 1960ء کوپشاور کے بڈ بیر ائیر پورٹ سے امریکی جاسوس طیارہ یو-2 نے روس کی فضاؤں میں پرواز کی جسے برطانوی پائیلٹ اُڑا رہا تھا۔19ا پریل 1960 کو یو-2سی جاسوس ایئر کرافٹ جسے برطانوی پائلٹ فرانسیس آپریٹ کر رہا تھا نے روسی فضائی حدود میں داخل ہو کر سوویٹ یونین کے ٹاپ فوجی اڈوں کی تصاویر حاصل کیں تھیں۔ یکم مئی کو جانے والے ایئر کرافٹ کو سوویت ایئر ڈیفنس فورسز نے ایس 75 ڈومینا ایس اے2گائیڈڈ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائیل کے ذریعے فضامیں ہی تباہ کر دیا۔ جبکہ پائلٹ فرانسیس پیراشوٹ کے ذریعےبچ جانے میں کامیاب ہو گیا۔جسے بعد ازاںگرفتار کر لیا گیا۔ روسی قیادت کی جناب سے سخت رد عمل کا اظہار کیا گیا اور پشاور شہر کو ایک ہی وار میں نیست و نابود کرنے کی دھمکی دی گئی ۔ ان حالات میں روسی حلیف سردار داؤد نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہی رکھے۔ڈیورنڈلائن کا تنازعہ بھی ان خراب تعلقات کا ہی شا خسانہ تھا۔ ویسے بھی افغانستان میں ایک ایسا طبقہ موجود تھا جو برطانوی دور میں افغانستان پر کی جن والی یورسوں اور انگریزوں کے خلاف نفرت کی میراث پاکستان کے کھاتے میں ڈالتا تھا۔سردار داؤد کے اقتدار سنبھالتے ہی افغانستان میں روسی اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا اور وہاں پیپلز ڈیمو کریٹیک پارٹی آف افغانستان معرض وجودمیں آ چکی تھی۔ اس کے ارکان بھارت اور روس کی درسگاہوں سے اعلی تعلیم یافتہ تھے۔ ان کا ذہنی میلان روس کی طرف ہونا ایک قدرتی امر تھا۔

women in Afghanistan before and after taliban

سردار داؤد اگرچہ کمال اتا ترک کی تحریک اور روسی ثقافت کے زیر اثر افغانستان میں کئی جدید تبدیلیاں لا رہا تھا لیکن وہ ماضی میں سردار امان الله کی جدت پسندی کی افغانستان کے قدامت پسند طبقے کی شدید مخالفت کے مد نظر محتاط انداز میں قدم بڑھا رہا تھا۔ دوسری طرف PDPAکے سرکردہ ارکان حفیظ الله امین، نور محمد ترکئی، ببرک کرمل اور ڈاکٹر نجیب الله کارل مارکس اور لینن کے نظریات سے متاثر افغانستان میں مکمل طور پر سرخ انقلاب کے نفاذ کے خواہاں تھے۔ اپریل 1978ء میں ایک بار پھر سر زمین افغانستان خونی انقلاب سے سیراب ہوئی۔سردار داؤد کو اس کے اہل خاندان سمیت قتل کر دیا گیا کہ ان کی لاشوں کو غسل دینے اوردفن کرنے والا بھی کوئی نہ بچا۔ اسےثورِانقلاب کا نام دیا گیا۔ نورمحمد ترکئی جنرل سیکرٹری پی ڈ ی پی اے اور انقلابی کونسل نے بطور صدر افغانستان ذمہ داری سنبھالی ۔ اس کے بعد حفیظ الله امین اور ببرک کارمل ایک دوسرے کے بعد برسراقتدار آئے۔ ان سب نے قوم کو مذہبی پابندیوں سے آزاد کرانے کی نوید سنائی۔ خواتین کی تعلیم ، لباس کے معاملے میں لبرل پالیسی اختیار کی گئی۔ مارکس، لینن کے نظریات پر مبنی معاشی پالیسیاں تیار کی گئیں۔PDPA کی حکومت کو قیام کے فورابعدہی قدامت پسند نظریات کے حامل طبقے کی جانب سے مخالفت کا سامنا تھا۔

امریکا کے لئے روس نواز حکومت اور روسی نظریات کا افغانستان میں نفاز کسی طور پر بھی قابل قبول نہ تھا۔ چنانچہ اس ثور انقلاب کے ثمرات عوام الناس تک پہنچنے سے پہلے ہی اسکی بیخ کنی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ انقلاب دشمن قوتوں کی مدد سے قلیل عرصے میں تین حکمرانوں کا قتل انقلابیوں کے قدم اُکھاڑنے کے لیے کافی تھا چنا نچہ PDPAانقلابی کونسل کی اپیل پر روس کو عارضہ طور پر امن و امان کی صورت حال قائم کرنے اور حکومت کو مستحکم کر نے کے لیے افغانستان میں اپنے فوجی دستے محدود مدت کے لیے روانہ کرنے پڑے ۔ نور محمد تر کئی اور اس کے بعد آنے والے حکمران کسی طور بھی روسی تسلط کے خواہش مند نہیں تھے ۔ روس کی براہ راست مداخلت بائیں بازو کےرجحانات رکھنے کے باوجود ان سب کے لیے نا قابل قبول تھی۔ افغان خون جینیاتی اعتبار سے غیر ملکی تسلط کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہ تھا خواہ وہ ان کے دوست روس کی جانب سے ہو۔مگر کیا کیا جائے امریکی تِھنک ٹینک کا جو روس کو افغانستان میں گُھس کر مارنے کی تیاریاں کر چکے تھے۔ پینٹا گون میں صورت حال کو باریک بینی سے مانیٹر کیا جا رہا تھا۔افغانستان کو PDPAکے ذریعے روسی اثر و رسوخ سے آزاد کرانے کا حتمی فیصلہ ہو چکا تھا ۔ جس کی منصوبہ بندی تو پہلے سے موجود تھی اور اب پلان پر عملدرآمد کا وقت آچکا تھا۔ انسانی و مشینی وسائل کے علاوہ لاجسٹک سپورٹ پاکستان منتقل کی جا چکی تھی۔

باقی تحریر پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیے


صفحات: 1 2 3 4 5