’انتخابی نتائج پر شکوک و شبہات‘، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبات


پی ٹی آئی

پاکستان میں عام انتخابات کے نتائج سامنے آچکے ہیں لیکن ان نتائج پر شکوک و شبہات کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں اور کئی حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے اپنے حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں دی جا رہی ہیں۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق اب تک این اے 154 ملتان، این اے 157 ملتان، این اے 131 لاہور اور این اے 13 مانسہرہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ این اے 131 میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے 680 ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

این اے 57 میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تحریک انصاف کے امیدوار سے 11546 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انھوں نے بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دے رکھی ہے جس پر فیصلہ سنیچر کو متوقع ہے۔

جمعے کو مری میں مسلم لیگ نون کے حامیوں نے این اے 57 میں انتخابات کے دن ووٹوں کی گنتی کے دوران پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنز سے باہر نکالنے اور مبینہ طور پر کئی جگہوں سے فام 45 نہ ملنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔

جمعے کو ہی پاکستان میں انتخابات کو مانیٹر کرنے والی غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فیفن) نے انتخابات پر اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی کی 35 نشستوں پر جہاں کانٹے کا مقابلہ تھا وہاں مسترد کیے گئے ووٹوں کی تعداد ان ووٹوں سے زیادہ تھی جن کے مارجن سے امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ ان میں پنجاب میں 24 حلقے، خیبر پختونخوا میں چھ، چار سندھ میں اور ایک حلقہ بلوچستان کا تھا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے انتخابی نتائج کے حوالے سے تحفظات دور کرنے میں تعاون کرنے کو تیار ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے جمعے کی رات اسلام آباد میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کے بعد ان کی جانب سے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرنے کے اعلان پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تو پہلے ہی ان جماعتوں کو حلقے کھلوانے، اور تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کر چکے ہیں۔

فواد چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر یہ معاملہ تو الیکشن کمیشن اور ان سیاسی جماعتوں کے درمیان ہے لیکن اگر انھیں پاکستان تحریک انصاف سے ’بطور حکمران جماعت‘ کوئی مدد چاہیے ہو گی تو وہ تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

اے پی سی

جمعے کو پاکستان میں سابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے حالیہ انتخابات میں شکست کے بعد بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی جماعتوں نے 25 جولائی کے انتخابات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ‘تمام سیاسی جماعتیں پورے اتفاق رائے کے ساتھ منعقدہ انتخابات کو مسترد کرتی ہیں، کیونکہ یہ عوام کا مینڈیٹ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ہے۔’

تاہم فواد چوہدری نے کہا کہ ان تمام سیاسی جماعتوں کو اگر حلقے کھلوانے اور تحقیقات کروانے میں پاکستان تحریک انصاف سے تعاون درکار ہوگا تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں حکومت بنانے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو پنجاب میں بھی بڑی تعداد میں صوبائی نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اس لیے پنجاب میں حکومت بنانے کا حق ان کا بنتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر تو پنجاب میں نشستوں کی تعداد کی بات کی جائے تو پاکستان تحریک انصاف کو 134 جبکہ پاکستان مسلم ن کو 128 نشستیں حاصل ہوئی ہیں، ان کے بقول آزاد امیدوار جن کی تعداد 27 ہے میں سے زیادہ تر پاکستان تحریک انصاف میں شریک ہونے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان اعداد وشمار کو دیکھتے ہوئے پنجاب میں حکومت بنانے کا حق تو ان کا بنتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے مرکز میں حکومت بنانے اور ممکنہ کابینہ کے حوالے سے کہا کہ اس بارے میں مشاورت جاری ہے جسے جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

الیکشن

دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما اور حکومت پنجاب کے سابق ترجمان ملک احمد علی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت بھی حکومت سازی کے لیے آزاد امیدواروں سے رابطے کر رہی ہے اور ہمیں مثبت جواب مل رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ’اگر تحریک انصاف کو مسلم لیگ قاف کی حمایت حاصل ہے تو ہم پیپلز پارٹی سے اتحاد کی بات کر سکتے ہیں اور حکومت بنانے کا جمہوری حق ہمارا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق ہماری جماعت کو برتری حاصل ہے۔‘

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود صوبہ پنجاب کے نتائج میں اس وقت مسلم لیگ نون کی نشستوں کی تعداد 129، تحریک انصاف 123، آزاد امیدوار 29، مسلم لیگ قاف 7 ، پیپلز پارٹی 5 کو ایک نشست حاصل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی 115 نشستوں سے برتری حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ ن 64 نشستوں کے ساتھ دوسری اور پاکستان پیپلز پارٹی 43 نشستوں کے ساتھ تیسری جماعت کے طور پر سامنے آئی ہیں۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp