پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے تحریک انصاف کے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی کو گرفتار کیا جائے: چیف جسٹس
چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کا ازخود نوٹس لیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب سید کلیم امام اور دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 50 افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے یہ حکم بھی دیا کہ متعلقہ رکن صوبائی اسمبلی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم فائرنگ کی اطلاع ملنے پر تحریک انصاف کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر پہنچی تو اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وردیاں تک پھاڑ دی گئیں جس کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔



