پرویز خٹک دوبارہ وزیر اعلی کیلئے موزوں ہیں


پرویز خٹک کے دوبارہ وزیراعلی بننے میں کوئی عیب نہیں۔ انھوں نے تجربے، صلاحیتوں اور ٹیم ورک سے پارٹی کو 65 سیٹوں کے ساتھ بہترین پوزیشن پہ لا کھڑا کیا ہے۔ اور یہ ان کی اور پارٹی کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تحریک انصاف کو انھیں کوئی اور ذمہ داری سونپنے سے گریز کرنا چاہیے۔ کیونکہ پرویز خٹک کی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ہم آہنگی مستحکم ہو چکی ہے اور نئے تجربے کی صورت میں پارٹی اگلے انتخابات میں موجودہ پوزیشن کھو سکتی ہے۔

اسد قیصر دوبارہ سپیکر کے لئے انتہائی موزوں انتخاب ہیں۔ وہ بردبار، ملنسار، خاکسار اور تواضع رکھنے والی شخصیت لگتے ہیں۔ دیانت داری اچھے رہنما کے لئے اولین شرط ہے۔ وہ خیبر پشتونخوا میں پارٹی کے بانی رکن ہیں۔ اور پارٹی کی موجودہ پوزیشن ان کی دیانت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سپیکر کے لئے دیانت دار اور بردبار شخصیت کا انتخاب مناسب ہے۔ تحریک انصاف کو انھیں قومی ذمہ داری سونپنے سے گریز کرنا چاہیے۔ کیونکہ ان کے صوبے میں نہ ہونے کی وجہ سے پارٹی کو شدید نقصان اور پرویز خٹک اکیلے ہو کر شدید مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔

اگر شہباز شریف چھ مرتبہ اور قائم علی شاہ کئی مرتبہ کامیاب وزیراعلی بن سکتے ہیں۔ مراد علی شاہ کو دوبارہ وزیراعلی بنایا جاسکتا ہے۔ تو پرویز خٹک کے دوبارہ وزیراعلی بننے میں مسئلہ کیا ہے؟ اگر تحریک انصاف اپنے پاؤں پہ کلہاڑی مارنا، خیبر پشتونخوا میں اکثریت پانے کو رائیگاں، اپنی کارکردگی پر پانی پھیرنا اور اگلے الیکشن میں زمین بو س ہونا چاہتی ہے۔ تو وہ بے شک پرویز خٹک کو دوبارہ وزیراعلی نہ بنائے۔ عمران خان اور تحریک انصاف کو کبھی یہ نہیں بھولنا چاہیے۔ کہ جب بہت سے رہنما سخت حالات میں چھپ گئے تھے تو یہی پرویز خٹک تھے جو وزیر اعلی ہوتے ہوئے بھی صوابی انٹرچینج پر گھنٹوں پنجاب پولیس اور ایف سی کے ہاتھوں بے عزت ہو رہے تھے۔

پرویز خٹک کے دوبارہ وزیراعلی بننے میں رکاوٹیں پیدا کرنا نہ صرف پرویز خٹک بلکہ تحریک انصاف کو نیچے گرانے کی سازش ہے۔ پارٹی کے چند عاقبت نا اندیش تو اپنے پاؤں پہ کلہاڑی مارتے ہوئے پچھلی بار عمران خان کو خیبر پشتونخوا حکومت کے مستعفی ہونے کے لئے دباؤ ڈال رہے تھے۔ وہ تو پرویز خٹک استعفی نہ دینے کے لئے ڈٹ گئے اور پانچ سال کام کرنے کے بعد اکثریت لے کے اپنی بات سچ ثابت کر دی۔ اگر تحریک انصاف کو اگلے انتخابات میں شکست سے بچنا اور پارٹی کو نئی بلندیوں تک لے کے جانا ہے۔ تو انھیں پرویز خٹک کو دوبارہ وزیراعلی بنانا چاہیے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).