”بلاول ہاؤس گرانے کا سوچ بھی نہیں سکتا“- عمران اسماعیل


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بلاول ہاؤس گرانے سے متعلق اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اس قسم کا کوئی بیان نہیں دیا اور بلاول ہاؤس گرانے سے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی سے بلاول ہاؤس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کریں گے، بیرونی دیوار نہیں گرائی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے۔

عمران اسماعیل کے بیان کے بعد پیپلزپارٹی کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی گئی جس کے بعد اب انہیں وضاحت دینی پڑ گئی ہے۔

اپنے بیان میں نامزد گورنر کا کہنا تھا کہ میں نے بلاول ہاؤس گرانے کا بیان نہیں دیا، بلاول ہاؤس تاریخی اہمیت کی حامل جگہ ہے اس لیے اس کو گرانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔

ان کا اپنے وضاحتی بیان میں کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس کے اطراف میں قائم بلند دیواروں کی بات کی تھی لیکن میرے بیان کو توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور سابق صدرکے گھر کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں لیکن پیپلز پارٹی میرے بیان پر سیاست کرنا چاہتی ہے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).