’عمران خان پاکستان کے ٹرمپ‘، امریکی کامیڈین کے شو پر تنازع


امریکی کامیڈین ٹریور نوح کے ٹی وی شو میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پاکستان کا ٹرمپ کہنے پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

ٹریور نوح نے اپنے ٹی وی شو کے آغاز میں پاکستان میں عمران خان کو نیا وزیراعظم منتخب کرتے ہوئے دکھایا اور ناظرین سے پوچھا کہ عمران خان کے بارے میں چند پرانی خبروں کے کلپ چلاتے ہیں اور اس سے آپ کو کس کی یاد آئے گی۔

ان کلپس میں عمران خان کے بارے میں رپورٹرز بتاتے ہیں کہ عمران خان دولت مند ہیں اور امیر طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور انھوں نے آکسفرڈ میں تعلیم حاصل کی۔

اس کے ساتھ ان کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ خوش شکل اور پلے بوائے جیسے طرز زندگی کے بارے میں جانے جاتے ہیں اور عمران خان کے انٹرویو میں خواتین متعلق سوال کے جواب کے بعد ایک بیڈ روم کو دیکھا جاتا ہے جس کے سائیڈ ٹیبل کے ساتھ ایک بیٹ پڑا ہوتا ہے۔

اس پر میزبان مذاق میں کہتا ہے کہ یہ مجھے یہ بتائیں کہ یہ پاکستانی ٹرمپ ٹاور نہیں ہے۔

اس کے بعد ٹریور نوح نے کہا کہ اگر عمران خان کے بارے میں میڈیا کوریج کو دیکھا تو آپ کو ٹرمپ اور عمران میں زیادہ مطابقت دکھائی دیے گی۔

اس میں پہلے کلپ میں رپورٹر بتاتے ہیں کہ عمران خان کو حکمرانی کا تجربہ بالکل صفر ہے لیکن انھوں نے ایک نئے پاکستان کا وعدہ کیا ہے اور ایک دوسرے کلپ میں مغربی تجزیہ کار ان کے بارے میں بتاتے ہیں کہ وہ ایک ہی تقریر میں دو تضاد باتیں کر سکتے ہیں۔

میزبان ایک تقریر میں اپنی ہی کہی ہوئی بات کی نفی کا ذکر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ اور عمران خان میں مطابقت کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی دونوں میں پائی جانے والی مشترکہ خصوصیات کے بارے میں بتاتے ہیں کہ جب صدر ٹرمپ پیزا کے اشتہار میں دکھائی دیے تو اس وقت عمران خان پیپسی کولا کا اشتہار کر رہے تھے۔

ٹریور نوح نے کہا کہ ٹرمپ نے تین شادیاں کی تو عمران کے کھاتے میں تین شادیاں ہیں۔

میزبان نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے پہلے ٹرمپ پر بھی جنسی ہراسگی کے الزامات لگے اور وہ منتخب ہوئے اور اسی طرح عمران خان کے ساتھ بھی ہوا۔

اس پر صدارتی انتخاب کی مہم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس میں تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں اور ساتھ میں عمران خان کے بارے میں ایک رپورٹ دکھائی جاتی ہے جس میں سی این این کی نامہ نگار بتاتی ہیں کہ عمران خان کے حمایتیوں میں زیادہ جوان ہیں لیکن یہ بدتمیز جانے جاتے ہیں۔

اس کے بعد میزبان صدر ٹرمپ کے انتخابی مہم میں اپنے ذاتی ہوائی جہاز کو استعمال کرنے اور عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو استعمال کرنے کے بارے میں بتاتے ہیں۔

اس کے ساتھ ٹریور نوح کہتے ہیں کہ وہ یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ ’عمران خان براؤن ٹرمپ ہیں‘ بلکہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ عمران خان دنیا کے ان کئی رہنماؤں میں شامل ہیں جنھوں نے ٹرمپ کے کامیاب صدارتی شو کو فالو کیا ہے۔

اس پر انھوں نے صدر ٹرمپ اور عمران خان کا باری باری ایک کلپ دیکھایا جس میں پہلے صدر ٹرمپ کہتے ہیں کہ لوگ مجھے پیار کرتے ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ میں بہت کامیاب ہوں۔۔ ہر کوئی مجھ سے پیار کرتا ہے۔۔۔‘

اس کے بعد عمران خان کا کلپ چلایا جاتا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ’میرے جیسا شخص جس پر رحمت ہے اور اس کے پاس سب کچھ ہےاور اسے کسی چیز کی ضرورت نہیں۔۔۔ اور مجھے ان لوگوں سے بہت سارا پیار ملتا ہے۔‘

اس کے بعد دونوں کا ایک ایک اور کلپ چلایا جاتا ہے جس میں دونوں ملتی جلتی بات کرتے ہیں کہ وہ کرپٹ سیاست دان متحد ہو کر ان کو اقتدار میں آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

میزبان ٹریور نوح نے آخر میں کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ رہے ہ عمران خان بالکل صدر ٹرمپ بن جائیں گے لیکن امریکہ سے ٹرمپ سے پیچھا چھڑانے کے لیے پاکستان جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو کسی دوسرے ملک کا انتخاب کریں۔

https://twitter.com/QaisarTatla/status/1029798381453885440

امریکی کامیڈین ٹررور نوح کے اس شو پر پاکستان میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بحث شروع ہو گئی ہے جس میں سینیئر صحافی حامد میر نے کہا کہ ٹروور نے عمران خان کی تضحیک کی لیکن اصل میں انھوں نے اپنے مقبول کامیڈی شو کے ذریعے پاکستان کے نئے وزیراعظم کی دنیا بھر میں تشہیر کی۔

صحافی عمر چیمہ نے کہا کہ جب دوسرے ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان کسی مشابہت کے بارے میں بحث کر رہے ہیں تو نوح نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔

پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے شو کو مزے کا سچ کہتے ہوئے ساتھ میں کہا کہ یہ قابل ذکر حد تک تشویش کی بات ہے کہ نوح شو میں پاکستان کے نئے ٹرمپ کے بارے میں خوفناک پہلو کے بارے میں بتانا بھول گئے کہ وہ دہشت گردوں اور دہشت گردی کا دفاع کرتے ہیں۔

جہاں سوشل میڈیا پر لوگوں نے نوح کو خبردار کیا کہ تحریک انصاف کے مداح اب ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے تو وہاں نوح کی مذمت کرنے والوں کی کمی بھی نہیں تھی۔

جس میں قصر تتلہ نامی صارف نے کہا کہ ’یہ اچھا نہی ںہیں ہے۔ میں مداح ہوں لیکن آپ کی کمنٹری حقائق پر مبنی نہیں۔ پہلے آپ کو دیکھنا چاہیے کہ عمران خان براؤن نہیں اور نہ ہی ٹرمپ جیسے نہیں ہیں۔ وہ امیر پلے بوائے نہیں بلکہ وہ ایماندار اور انسانوں کے ہمدار تصور کیے جاتے ہیں اور انھوں نے اپنی جیت سے پہلے 22 برس تک جدو جہد کی۔

ایک اور صارف احمد رضا نے طنز میں لکھا کہ ٹریور نوح نے ابھی ابھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے تحریک انصاف کے حمایتیوں کی جانب سے ملنے والے پیار بھرے پیغامات کے بعد عمران خان کے بارے میں اپنی رائے کو مکمل طور پر تبدیل کر لیا ہے اور اس کے ساتھ انھوں نے عمران خان کے شائستہ اور دور اندیش ہونے کا ذکر کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کا لفافہ واپس کرنے کا عزم کیا۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp