قومی رنگوں میں ملبوس گوری پاکستان میں کیا کر رہی تھی؟
پاکستان میں جشنِ آزادی کے موقعے پر پاکستانی پرچم اوڑهے پولینڈ کی شہری ایوا زوبیک پاکستانی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز رہیں۔ اس کی وجہ ان کی وہ ویڈیو بنی جس میں وہ جشنِ آزادی کے موقعے پر بظاہر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ایک طیارے میں کیکی چیلنج کرتی نظر آئیں۔ اس پر قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے حکام سے وضاحت طلب کی کہ ایک غیر ملکی خاتون کو طیارے تک رسائی کیسے حاصل ہوئی؟
اس ویڈیو پر یہ اعتراض بھی کیا گیا کہ اس میں پاکستانی پرچم کی بےحرمتی ہوئی ہے۔ تاہم ایوا کی جانب سے ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انھوں نے وضاحت کی کہ ان کا مقصد پاکستان میں سیاحت کا فروغ تھا اور کچھ نہیں اور ان کے پاس تمام تر اجازت نامے موجود تھے۔ اس کے بعد کہیں جا کر معاملہ رفع دفع ہوا۔ بی بی سی کے ساتھ حالیہ ایک گفتگو میں ایوا نے بتایا کہ وہ جہاز تو اصلی تھا ہی نہیں۔
پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان کی خراب صورت حال خراب ہونے کے باعث گذشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں واضح کمی ہوئی ہے۔ ایوا اس بات کو مانتی ہیں: ’یہاں آنے سے پہلے میں نے بھی پاکستان کے بارے میں جو سن رکھا تھا وہ زیادہ اچھا نہیں تھا۔‘
ایوا کا آبائی ملک پولینڈ ہے جبکہ وہ برطانیہ میں ایک لمبے عرصے تک مقیم رہی ہیں جہاں کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے انھوں نے فرانسیسی اور جرمن زبانوں میں بی اے کی ڈگری لے رکھی ہے۔ گذشتہ چار برس تک وہ برطانیہ ہی میں کلچر ٹرپ نامی ایک کمپنی میں کام کرتی تھیں۔
یہ کمپنی سیرو تفریح کے مواقع کے حوالے سے معلومات فراہم کرتی ہے۔ ایوا کے مطابق اس کی ویب سائٹ پر پہلے ایک برس کے دوران ہی موجود ویڈیوز کو ایک کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا جبکہ اس کو سوشل میڈیا پر نظر رکھنے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ تھی۔
اس کمپنی میں کام کرنے والی پہلی اہلکار ہونے سے قبل ایوا بیلجیئم کے شہر برسلز میں واقع یورپین پارلیمان میں بھی کام کر چکی ہیں۔ اس طرح وہ انگریزی اور پولش کے علاوہ اطالوی بھی بول سکتی ہیں۔
ایوا اس برس کے آغاز میں لندن چھوڑ کر دنیا کی سیر پر نکل پڑیں۔ ’میں زیادە تر ایسی جگہوں کا انتخاب کرتی ہوں جو خوبصورت مگر نظروں سے بظاہر اوجھل ہوں، اور جہاں زیادہ لوگ نہیں جاتے۔‘ انھوں نے سب سے پہلے اپنے آبائی ملک پولینڈ کو نئے سرے سے دریافت کیا۔ پولینڈ کے سیاحت کے بورڈ کے ساتھ اشتراک میں انھوں نے سیاحت کے فروغ کے لیے مہم چلائی۔
ایوا ایک وی لاگر ہیں یعنی وہ تصویروں اور ویڈیوز کے ذریعے ان مقامات کی کہانیاں سناتی ہیں جہاں وہ سیاحت کے لیے جاتی ہیں۔ اپنے وی لاگ کو وہ سوشل میڈیا خصوصاً انسٹا گرام، فیس بک اور یو ٹیوب کے ذریعے ان کو فالو کرنے والے ہزاروں افراد تک پہنچاتی ہیں۔ ایوا اس مہم جوئی کے تحت پاکستان پہنچی تھیں لیکن ان کا دورہ تنازعے کی نذر ہو گیا۔
اس کے بعد ایوا نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا: ’جب میں اپنے ایک وی لاگ کے سلسلے میں کراچی میں تھی تو کسی نے کیکی چیلنج کا مشورہ دیا جو کہ اس وقت ٹرینڈ بھی کر رہا تھا۔ تو میں نے سوچا کیوں نہیں یہ پاکستان میں سیاحت کو پروموٹ کرنے کے لیے اچھا ہو گا۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر آپ کو ویڈیو پسند نہیں آئی تو میں معذرت خواہ ہوں، میرا مقصد صرف مثبت چیزیں دکھانا تھا، اور میں اپنے سوشل میڈیا پر پاکستان کی سیاحت، یہاں کے لوگوں اور ثقافت کو فروغ دینے کا مشن جاری رکھوں گی۔‘


