عمران اور پومپیو کے درمیان فون کال: امریکہ اپنے بیان پر قائم


عمران خان، مائیک پومپیو

امریکی محکمۂ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ امریکہ عمران خان اور مائیک پومپیو کے درمیان فون کال کے بعد امریکی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان پر قائم ہے۔ گذشتہ روز امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کو فون کر کے انھیں مبارک باد دی تھی، لیکن یہی فون کال تنازعے کا باعث بن گئی ہے جس کے بعد پاکستانی وزارتِ خارجہ کو تردیدی بیان جاری کرنا پڑ گیا۔

فون کال کے بعد امریکی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اس فون کال کے دوران ‘سیکریٹری پومپیو نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ پاکستان ملک کے اندر سے کام کرنے والے تمام دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔’ تاہم پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان وزیرِ اعظم عمران خان اور امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کی فون پر گفتگو کے بارے میں امریکی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ غلط بیان سے اختلاف کرتا ہے۔ اس گفتگو میں پاکستان سے کام کرنے والے دہشت گردوں کا کوئی ذکر نہیں ہوا۔ اسے فوری طور پر درست کیا جائے۔’

امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نوئرٹ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ‘ان دونوں کے درمیان اچھی گفتگو ہوئی۔ آپ کو حیرت ہو گی لیکن یہ ایک اچھی کال تھی۔ پاکستان امریکہ کا اہم شراکت دار ہے۔ ہم نئی سویلین حکومت کے ساتھ اچھے اور تعمیری تعلقات تشکیل دینا چاہتے ہیں۔’ جب ان سے دوبارہ پوچھا گیا کہ کیا فون کال کے دوران پاکستان سے کام کرنے والے دہشت گردوں کے بارے میں بات ہوئی تھی تو ترجمان نے مزید وضاحت سے گریز کرتے ہوئے دہرایا: ‘ہم اپنے بیان پر قائم ہیں۔’

گذشتہ روز مائیک پومپیو نے عمران خان کو فون کر کے انھیں انتخابات میں فتح حاصل کرنے اور حکومت کی تشکیل پر مبارک باد دی تھی۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق فون پر گفتگو میں پاکستان اورامریکہ نے اتفاق کیا تھا کہ افغانستان میں قیام امن دونوں ملکوں کی اولین ترجیح ہے۔ خیال رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو ستمبر کے اوائل میں پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32497 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp