الیکشن کے روز رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی ناکامی کا ذمہ دار نادرا: پی ٹی آئی تحقیقاتی کمیٹی


تحریک انصاف نے الیکشن کے روز رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) کی بندش کی تحقیقات مکمل کر لیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سینیٹ میں پارلیمانی رہنما اعظم سواتی و دیگر پر مشتمل آر ٹی آیس شٹ ڈاؤن معاملے کی نگرانی کے لیے تحققیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی تحقیقاتی کمیٹی نے آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کا ذمہ دار نادرا کو ٹھہرا دیا اور اس کی ناکامی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے صاف شفاف ہونے کے سارے ثبوت موجود ہیں تاہم کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ آر ٹی ایس کی ناکامی کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے۔

سینیٹر اعظم سواتی کل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جس کے دوران وہ آر ٹی ایس نظام کی ناکامی کی تحقیقاتی رپورٹ پر انہیں بریفنگ دیں گے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ آر ٹی ایس سسٹم کا استعمال کیا گیا جس کے ذریعے ریٹرننگ افسر کو انتخابی نتائج اس سسٹم میں ڈالنا تھے جو براہ راست الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر سے منسلک تھا۔ الیکشن کے روز رات گئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے نتائج میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ آر ٹی ایس سسٹم کے بیٹھنے کی وجہ سے نتائج کی آمد میں تاخیر ہو رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).