اعتزاز احسن نوازشریف کے پاس جیل میں جا کر معافی مانگیں تو صدارت کے لئے ان کے نام پر غور کر سکتے ہیں: پرویز رشید


مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ ا ن کی جماعت صدارت کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر غور کرے گی اگر وہ سابق وزیراعظم نوازشریف سے معافی مانگیں، مسلم لیگ ن صرف اس صورت میں اعتزاز احسن کے نام پر غور کرے گی، اگر وہ اڈیالہ جیل جائیں اور نوازشریف سے معافی مانگیں۔ سابق وزیراطلاعات اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آمد کے موقع پر پرویز رشید سے سوال کیا گیا کہ کیا مسلم لیگ (ن) اعتزاز احسن کی بطور صدر نامزدگی کی حمایت کرے گی؟جس پر پرویز رشید نے جواب دیا کہ ‘اعتزاز احسن اڈیالہ جیل آ کر نواز شریف سے اپنے الفاظ کی معافی مانگیں، جس دن وہ معافی مانگ لیں گے، اُس دن اس بات پر غور کیا جائے گا’۔

پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ ‘مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار کا تاحال فیصلہ نہیں کیا، اتحادی جماعتوں سے صدر کے نام پر مشاورت جاری ہے، کسی شخص کو اُس کی آزادی سے محروم کردینا سب سے بڑی ناانصافی ہے اور نواز شریف، ان کی صاحبزدای مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور ساتھیوں حنیف عباسی اور انجینئر قمر الاسلام کے ساتھ ناانصافی ہوچکی ہے، جنہیں ان کی آزادی سے محروم کر دیا گیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے تمام کارکن اپنے ساتھیوں کی آزادی کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) نے ان کی نامزدگی کو مسترد کردیا تھا۔ 21 اگست کو پارٹی صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کی نامزدگی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کے نام پر اعتماد میں نہیں لیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).