بلوچستان کے نامزد گورنر ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی نے گورنر بننے سے معذرت کر لی
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نامزدگی کے بعد ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی نے گورنر بلوچستان کا عہدہ لینے سے معذرت کر لی ہے۔ ایک نجی نیوز چینل کے مطابق امیر خان جوگزئی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمران خان کا بہت شکر گزار ہوں لیکن میں یہ عہدہ نہیں لے سکتا۔ ان کاکہنا تھا کہ مجھ پر کوئی نیب کا مقدمہ نہیں چل رہا۔ میرے خاندان کے لوگ پہلے بھی سیاست میں رہ چکے ہیں، اس لیے میں اپنے خاندان اور عمران خان کی عزت کی خاطر گورنر بلوچستان کا عہدہ لینے سے معذرت کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر اعتماد کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور بلوچستان عوامی پارٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،مجھے عہدوں کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر خان جوگزئی کو گورنر بلوچستان کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔ ڈاکٹر امیر محمد خان کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ سے ہے۔ امیر محمد خان جوگزئی سابق گورنرسردارگل محمد جوگزئی کے بھائی ہیں۔ ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی کڈنی سنٹر کے چیف ایگزیکٹو رہے ہیں۔ چائلڈ اسپیشلسٹ امیر محمد خان جوگزئی سول اسپتال شعبہ اطفال کے سربراہ رہے ہیں۔


