55 روپے فی کلومیٹر والے بیان پر فواد چوہدری کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد
پنجاب اسمبلی میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے خلاف قرار داد جمع کروائی گئی ہے جس میں پی ٹی آئی رہنما سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی رہنما کنول پرویز چودھری کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد سرکاری ہیلی کاپٹر کا بے جا استعمال شروع کر دیا ہے جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ وزیرِاعظم کے اس شاہانہ رویے پر فواد چودھری نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سستا پڑتا ہے اور اس کا خرچہ 50 سے 55 روپے فی کلو میٹر بنتا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا بیان انتہائی بچگانہ، مضحکہ خیز اور حقیقت سے روگردانی کے مترادف ہے۔ فواد چودھری کے اس بیان سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ اس لیے ان سے وزارت کا قلم دان واپس لیا جائے تا کہ پاکستان کا وقار برقرار رہے۔


