عامر لیاقت حسین کے ساتھ معاملات کیسے طے پائے؟
تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہاہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے تحفظات دور کر دیئے ہیں اور یہ معاملہ ہم نے خفیہ طریقے سے نہیں کیا۔
نجی ٹیلی ویژن چینل دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ عامر لیاقت کے تحفظات دور کر دیئے ہیں۔ وہ ایک ذہین آدمی ہیں اور اب انہوں نے پارٹی ڈسپلن پر عمل در آمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت حسین سمجھ رہے تھے کہ ان کو فیصلوں کے عمل میں شریک نہیں کیا جا رہا ہے اور اب ان کے تحفظات دور ہو چکے ہیں۔ ہم نے یہ معاملہ خفیہ طریقے سے طے نہیں کیا۔ البتہ یہ بات میں کہہ رہا ہوں کہ عامر لیاقت حسین کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سینیٹر فیصل جاوید نے عامر لیاقت سے رابطہ کیا اور پھر وزیراعظم نے خود بھی رابطہ کر کے ان سے بات چیت کی۔ اس دوران ہونے والی گفتگو کے بارے میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے یکے بعد دیگرے دو ٹویٹ کئے ہیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ ”چیئرمین عمران خان نے رابطہ کر کے مجھے بیان دینے سے روک دیا اور تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ میں نے میڈیا کے ایک حصے کی جانب سے غلط سکرین شاٹ چلانے کی وضاحت کی اور عمران خان نے ان کی غلط بیانی پر افسوس کا اظہار کیا۔“
اگلی ٹویٹ میں عامر لیاقت نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے لکھا ” عمران خان نے کہا کہ میں کراچی آ رہا ہوں، آپ جن کے گھروں کیلئے پریشان ہیں حل نکل آئے گا۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ کو کسی چیز کی تمنا نہیں ہے بس پارٹی ڈسپلن کی پابندی کریں۔ آپ کو میں نے چنا ہے اور آپ میرے کھلاڑی اور اثاثہ ہیں۔ میں نے عمران خان سے کہا کہ آپ کو شکایت کا موقع نہیں ملے گا جس پر انہوں نے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔“




