تحریک لبیک کا اسلام آباد کی طرف مارچ کالا شاہ کاکو پہنچ گیا


خادم حسین رضوی

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پیغمبر اسلام کے خاکوں کے مقابلوں کے اعلان کے خلاف لاہور سے اسلام آباد کی طرف احتجاجی مارچ کیا جا رہا ہے جس کی قیادت تحریک کے قائد علامہ خادم حسین رضوی کر رہے ہیں۔ لاہور سے بدھ کی شام ایک کنٹینر اور گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوا۔ تحریکِ لبیک پاکستان کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی کے مطابق ان کا کارواں بدھ کی رات گجرات کے قریب پڑاؤ کرے گا اور جمعرات کی صبح اسلام آباد کی جانب سفر کا آغاز کیا جائے گا۔

اس سے قبل تحریک لبیک کے قافلے کو اعلان کردہ وقت پر لاہور سے نکلنے میں تاخیر ہوئی اور اس کی وجہ حکومت کی جانب سے تحریکِ لبیک کے ساتھ مذاکرات کی کوشش تھی۔ نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق ایک حکومتی وفد نے بدھ کو لاہور میں تحریکِ لبیک پاکستان کے رہنماؤں سے مذاکرات میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور انھیں مارچ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ تحریکِ لبیک پاکستان کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے ’دو ٹوک الفاظ میں حکومتی وفد کو بتا دیا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ پاکستان نیدرلینڈز کی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم اور ان کے سفیر کو ملک بدر کرے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایسا نہیں کیا جاتا ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

پیر اعجاز اشرفی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ایک سے زیادہ دور ہونے کے باوجود اس معاملے پر مزید کوئی پیش رفت نہ ہونے کے بعد ان کی جماعت نے اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کا آغاز کر دیا۔ تحریکِ لبیک پاکستان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا کہ ان کا احتجاجی مارچ اگر اسلام آباد تک پہنچتا ہے تو وہاں کس مقام پر جا کر رکے گا۔ خیال رہے کہ گدشتہ برس تحریکِ لبیک پاکستان کے کارکنان نے راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ پر فیض آباد کے مقام پر توہینِ رسالت کے معاملے پر ایک طویل دھرنا دیا تھا جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp