کیا واقعی وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر کی کال لینے سے انکار کیا؟
وزیراعظم عمران خان کی گزشتہ روز صحافیوں سے ملاقات کے بعد اینکر پرسن مبشر لقمان نے خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ صحافیوں سے ملاقات کے دوران فرانسیسی صدر کی وزیراعظم عمران خان کو کال آئی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر فون سننے سے انکار کردیا کہ ابھی مصروف ہوں، تھوڑ ی دیر بعد کال کروں گا۔ اس حوالے سے میڈیا پر بھی خوب بحث ہوئی۔ کچھ لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کے اس اقدام کی تعریف کی جب کہ بعض افراد نے اسے سفارتی آداب کے خلاف قرار دیا۔ تاہم اینکر پرسن مبشر لقمان کی یہ خبر جھوٹی نکلی ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فرانسیسی صدر کی وزیراعظم عمران خان کو کال نہیں آئی تھی بلکہ فرانسیسی سفارتخانے نے دفتر خارجہ کو کال کی تھی۔ فرانسیسی سفارتخانے نے یہ طے کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا کہ فرانسیسی صدر وزیراعظم عمران خان کو کب ٹیلی فون کریں؟ اس حوالے سے سینئر صحافی عمر چیمہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ جس انداز میں خارجہ محاذ پر غیر ذمہ دارانہ حرکتیں جاری ہیں۔ اللہ ہی رحم کرے۔ پہلے یہ بات پھیلائی گئی کہ عمران خان نے فرانسیسی صدر کی کال لینے سے انکار کردیا۔ اب پتہ چلا ابھی تو کال کے لیے وقت طے ہو رہا ہے۔



