مولانا صاحب اور صدر ٹرمپ شراب نہیں پیتے


مجھے کسی کے کمرے سے شراب برآمد ہونے پر اعتراض نہیں لیکن اگر یہ کمرہ ہپستال کا ہے تو پھر یہ قابل اعتراض ہے۔ امریکہ میں گاڑی شراب کی بوتلوں سے لدی ہو تو کوئی نہیں روکے گا مگر چلتی گاڑی میں شراب کی ایک بھی کھلی بوتل اگر ملتی ہے تو قابل گرفت جرم ہے، سخت سزا ہے۔ کوئی کتنی شراب پیے کسی کو اعتراض نہیں، مگر وہ شراب پی کر غل غپاڑہ نہیں کر سکتا۔ اور ڈرایئونگ تو بالکل نہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہاں ایسا نہیں ہوتا۔ ہوتا ہے مگر جو ڈرنک ڈرائینگ کرتے پکڑا جاتا ہے اس کو کوئی سینیٹر، رکن کانگریس حتی کہ صدر امریکہ بھی نہیں بچا سکتا۔

پاکستان میں بحث کچھ اور ہی شکل اختیار کر جاتی ہے۔ پورے ملک میں سب کچھ موجود ہے، حسب استطاعت دیسی ولائتی ٹھرے سے امپورٹڈ شرابوں تک سب ملتا ہے۔ میں نے شعبہ عدل، عساکر اور صحافت سے وابستہ کئی لوگوں کو پیتے پلاتے دیکھا ہے اور میں اس بنیاد پر ان کے کردار کو نہیں ناپتا۔ میں نے زندگی میں کئی رندوں کے اندر خوف خدا موجزن دیکھا ہے اور کئی پارساوں میں فرعونیت۔۔۔ بات مگر اصولوں کی ہے۔

مغرب نے اصول بنایا ہے۔ ایک خاص عمر سے پہلے کوئی شراب حتی کہ سگریٹ نہیں خرید سکتا۔ اور کوئی مائی کا لال بیچ کر دکھائے۔ دکاندار کو خریدار کا شناختی کارڈ دیکھنا ہوتا ہے سگریٹ یا الکوحل حوالے کرنے سے پہلے۔ کئی دکاندار بالخصوص دیسی دکاندار پکڑے گئے اسی چکر میں کیونکہ انڈر کور ایجنٹس گاہے گاہے دکانداروں کو چیک کرتے رہے ہیں۔ شراب کے بارے میں مذہب کیا کہتا ہے، یہ بحث عالمانہ سطح کی ہے، میں بہت گناہ گار ہوں۔ فی الوقت اگر ہم اسی پر توجہ دے سکیں کہ شراب کی بوتل ہسپتال میں کیوں تھی تو بہت سے مسائل کا حل نکل آئے گا۔

مجھے اس بات سے غرض نہیں کہ لیڈرز شراب پیتے ہیں یا کوکین۔ مجھے اس بات سے غرض ہے کہ کب، کہاں پیتے اور کس پیسے سے پیتے ہیں۔۔۔ دفتر میں، دفتر کے اوقات میں، ڈرائیونگ کے دوران۔ یا ہسپتال میں مستی ناقابل قبول۔ شراب کی بنیاد پر کیریکٹر سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے ضرور سوچیے گا، مولانا فضل الرحمن، مولانا خادم رضوی اور صدر ٹرمپ شراب نہیں پیتے۔

Facebook Comments HS

اسد حسن

اسد احمد وائس آف امریکا کے نشریاتی ادارے سے وابستہ ہیں۔ اور اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے علاوہ کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے معاملات پر گہری آنکھ رکھتے ہیں۔غالب امکان ہے کہ آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ّہم سبٗ پڑھنے والے اسد احمد کے فوری، تیکھے اور گہرے تجزیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

asad-ahmad has 16 posts and counting.See all posts by asad-ahmad