صدر پاکستان کے کیا اختیارات ہوتے ہیں؟
پاکستان میں نئے صدر کا انتخاب ہو رہا ہے۔ آئینِ پاکستان میں 18 ویں ترمیم کے بعد صدر کے اختیارات خاصے محدود ہوگئے ہیں۔ لہٰذا اب صدر کے انتخاب کے موقع پر یہ بحث بھی چھڑی ہوئی ہے کہ صدر کے اختیارات کیا ہیں؟ اور صدر کا عہدہ ملک کے لیے کیوں ضروری ہے؟
یہ تجویز بھی پیش کی جا رہی ہے کہ صدر کے عہدے کو ختم کر کے کروڑوں روپے سالانہ کا خرچ بچا لیا جائے۔ کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے آگاہی ضروری ہے لہٰذا سب سے پہلے صدر کے اختیارات پر نظر ڈالتے ہیں۔
18 ویں ترمیم کے بعد صدر پاکستان کے اختیارات
- بطورِ آئینی سربراہ صدرِ پاکستان کی چند مواقعوں پر اہمیت دو چند ہو جاتی ہے۔ جب قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے یا اپنی آئینی مدت مکمل کر لے تو صدر ہی اپنی نگرانی میں عام انتخابات منعقد کراتا ہے۔
- صدر کسی بھی ایسے پورے کے پورے قانون کو یا اُس کی چند شقوں کو نظرِ ثانی کے لیے واپس پارلیمنٹ کو بھیج سکتا ہے جو اُس کے پاس پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد دستخط کے لیے آیا ہو۔
- تمام وفاقی جامعات کے چانسلر صدرِ مملکت ہی ہوتے ہیں۔
- صدرِ پاکستان پارلیمان کے آئینی سال کے آغاز پر اُس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہیں اور ریاست کے رہنما اصول کی یادہانی کرائی جاتی ہے۔
- صدرِ پاکستان وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں کے سربراہ ہوتے ہیں اور گورنر کے ذریعے اُن علاقوں کا انتظام چلاتے ہیں اور اُن علاقوں میں قانون سازی ریگولیشن کے ذریعے نافذ کی جاتی ہے۔
- صدرِ پاکستان کے پاس سزا یافتہ مجرمان کو معاف کرنے یا سزاوں کو کم اور منسوخ کرنے کا اختیار ہے۔
- مخلتف ممالک کو بھیجے جانے والے سفرا کو حقوق تفویز کرنا اور ملک میں آنے والے مخلتف سربراہانِ ریاست کی میزبانی کرنا بھی صدر کا اختیار ہے۔
صدر کے عہدے سے متعلق چند غلط تاثرات
- ایک عام تاثر ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد صدر قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا حق کھو چکے ہیں جبکہ یہ حق اب بھی اُن ہی کے پاس ہے البتہ اب وہ یہ کام ازخود نہیں بلکہ وزیرِ اعظم کی درخواست پر ہی کر سکتے ہیں۔ اب بھی اسمبلی صدرِ پاکستان کے حکم سے ہی تحلیل ہوتی ہے۔
- ایک اور عام تاثر یہ ہے کہ صدرِ پاکستان مسلح افواج کے سپہ سالارِ اعلیٰ ہیں جبکہ اب ایسا نہیں ہے۔ 18ویں ترمیم کے بعد صدر مسلح افواج کے سپہ سالارِ اعلیٰ نہیں رہے اور یہ اختیار اب وفاقی حکومت کے پاس چلا گیا ہے۔ مسلح افواج کے سربراہان کی تقرری بھی وفاقی حکومت کے پاس ہے جو وزیرِ اعظم کرتے ہیں۔
کیا صدرِ پاکستان کا عہدہ ضروری ہے؟
صدرِ پاکستان کے عہدے کی ضرورت کے بارے میں وکلا برادری اور اساتذہ تو یکسو ہیں لیکن عوام اِس معاملے میں تذبذب کا شکار ہیں۔
بعض سمجھتے ہیں کہ اِس عہدے کے پاس کوئی اختیار نہیں تو اسے ختم کر کے صدر کے دفتر سے بچنے والے پیسے کو تعلیم پر خرچ کیا جائے۔ کسی کی رائے ہے کہ پارلیمانی نظامِ حکومت کو 70 سال تک آزمانے کے بعد اب صدارتی نظام کو بھی آزمانا چاہیے جبکہ چند کا کہنا ہے کہ پورے اختیار کے ساتھ اِس عہدے کو برقرار رکھنا چاہیے نہ کہ کٹھ پتلی کے طور پر۔
ماہرین کی رائے
سابق جج اور سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل شاہ خاور سمجھتے ہیں کہ صدر کا عہدہ انتہائی ضروری ہے اور اِسے صرف اخراجات بچانے کی خاطر یا علامتی عہدہ ہونے کی وجہ سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اُن کے مطابق عہدے کی ضرورت بعض مواقعوں پر بہت بڑھ جاتی ہے اور ناگزیر ہوجاتی ہے۔
دوسری جانب قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات و عالمی تعلقات میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ یونس کے مطابق پاکستان میں صدر کا عہدہ علامتی ہونے کے باوجود بھی اہمیت کا حامل تو ہے اور اِس سے عالمی سطح پر شناخت واضح کی جاتی ہے لیکن اِسے ختم کرنا ناممکن نہیں ہے۔ ‘اگر پارلیمنٹ یہ سمجھتی ہے کہ ایسی آئینی ترمیم لائی جانی چاہیے اور صدر کے دفتر کو ختم کرنا چاہیے تو اِس کا آئینی راستہ موجود ہے۔’
ڈاکٹر عائشہ یونس سمجھتی ہیں کہ تاریخی لحاظ سے پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے یا اُسے پٹڑی سے اُتارنے دونوں میں صدرِ پاکستان کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔
ڈاکٹر عائشہ یونس کے مطابق ترقی یافتہ ممالک بشمول برطانیہ میں اب یہ بحث جاری ہے کہ ایوانِ صدر کے اخراجات میں کمی لائی جائے اور اِس کے لیے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں جبکہ شاہ خاور سمجھتے ہیں کہ اخراجات میں کمی کے اقدامات پاکستانی ایوانِ صدر پر بھی لاگو ہونے چاہییں۔


