شراب کی بر آمدگی میرا ذاتی معاملہ ہے: شرجیل میمن


پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے شراب بر آمدگی کو اپنا ذاتی معاملہ قرار د ے دیا ہے۔ کراچی کی احتساب عدالت میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کو پونے 6 ارب روپے کے کرپشن کیس کی سماعت کے سلسلے میں عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے شراب برآمدگی سے متعلق سوالات پر انہوں نے پر محتاط رویہ اختیا ر کیا۔ صحافی کے سوال پر کہ سب جیل میں چھاپے پر آپ کیا کہیں گے؟ شرجیل میمن نے کہا کہ انکوائری چل رہی ہے انکوائری مکمل ہونے تک کچھ نہیں کہوں گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ اس واقعے پرآپ کی جماعت نے میڈیا میں آپ کا دفاع کیوں نہیں کیا؟ پی پی رہنما نے جواب دیا کہ یہ میرا ذاتی معاملہ ہے۔ پارٹی کا معاملہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ضیاء الدین اسپتال میں واقع سب جیل کا دورہ کیا تھا جہاں شرجیل انعام میمن زیر علاج تھے. ان کے کمرے سے مبینہ طور پر شراب کی تین بوتلیں برآمد ہوئی تھیں جس پر چیف جسٹس نے شرجیل میمن کو فوری طور پر اسپتال سے جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے خون کے نمونے کے ٹیسٹ لینے کی ہدایت جاری کی تھی تاہم خون کے نمونوں میں الکوحل کا عناصر نہیں پایا گیا۔

گزشتہ روز ان کے خٰون کے نمونے دوبارہ لیے گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).