فواد چوہدری، مصدق ملک اور مفتاح اسماعیل ایک ہی کمرے میں ’ شہد اور روغن زیتون‘ کے گلاس نوش کرتے ہوئے 


فواد چوہدری، مصدق ملک اور مفتاح اسماعیل کی ایک ساتھ ’خالص شہد اور زیتون کے تیل‘ سے بھرے گلاسوں کے ساتھ تصویر نے تہلکہ مچا دیا ہے۔ پاکستانی سیاست میں شہد کی بوتل کا تذکرہ پہلی مرتبہ اس وقت ہوا جب تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے پولیس نے بلیک لیبل بوتل برآمد کر لی اور انہوں نے موقع سے فرار ہو کر جان بچائی لیکن پھر بعد میں اس بوتل کو شہد کی بوتل قرار دے دیا گیا۔ ایسا ہی کچھ گزشتہ دنوں ہوا جب ہسپتال میں موجود شرجیل میمن کے کمرے میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے چھاپہ مارا تو وہاں سے بھی شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں لیکن پھر جب معاملہ سندھ انتظامیہ کے پاس پہنچا تو ابتدائی طورپر سندھ انتظامیہ نے ان بوتلوں کو خالص شہد اور زیتون کے تیل سے بھری ہوئی بوتلیں قرار دینے کی کوشش کی لیکن اس معاملے پر بنائی جانے والی کمیٹی کی تحقیقات میں ثابت ہو گیا کہ بوتلوں میں شراب موجود تھیں اور شرجیل میمن کو بھی شریک ملزم قرار دے دیا گیا ۔

اب ایک اور تہلکہ خیز تصویر سوشل میڈ یا پر گردش کر رہی ہے۔ اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ترجمان مصدق ملک کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس تصویر میں میڈ یا سے تعلق رکھنے والی کچھ خواتین کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اس تصویر میں اصل دلچسپی کمرے میں موجود مختلف گلاسوں پر ہے جنہیں مبینہ طور پر’خالص شہد اور زیتون کے تیل‘ سے بھرے گلاس قرار دیا جا رہا ہے۔ لوگ اس بات پر بھی حیران ہیں کہ دن بھر میڈ یا پر آکر ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرنے والے مصدق ملک اور فواد چوہدری اکھٹے بیٹھ کر کیسے ایک دوسرے کی کمپنی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).