لیاری میں پولیس مقابلہ: غفار ذکری، بیٹے اور ساتھی سمیت ہلاک


کراچی میں ڈھائی دہائی سے گینگ وار، قتل، بھتے، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب گینگ وار سرغنہ غفار ذکری کمسن بیٹے اور ساتھی سمیت مقابلے میں مارا گیا۔ غفار ذکری کے ہلاک ہونے والے ساتھی کا نام چھوٹا زاہد عرف بجلی معلوم ہوا ہے، جو ناصرف غفار ذکری کا قریبی ساتھی تھا بلکہ ایک اہم کمانڈر بھی تھا، غفار ذکری کے خلاف 100 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ مقابلے کے دوران پولیس سب انسپکٹر سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے، متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور آپریشن جاری ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اوڈھو کے مطابق گینگ وار سرغنہ غفار ذکری کی کئی دنوں سے علی محمد محلہ میں موجودگی کی اطلاعات تھیں، جس پر آج صبح سویرے پولیس نے رینجرز کے ہمراہ علاقے کا گھیراؤ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کی، پولیس پر دستی بموں سے حملے کیے، فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد وقت جاری رہا۔ اس دوران دو ملزمان اور 3 سالہ بچہ ہلاک جبکہ پولیس سب انسپکٹر اللہ دتہ اور کانسٹیبل میر عابد علی زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، سب انسپکٹر اللہ دتہ کی حالت تشویش ناک ہے۔

جاوید اوڈھو کے مطابق ہلاک ہونے والا تین سالہ بچہ غفار ذکری کا بیٹا ہے، غفار ذکری نے پولیس محاصرے کے دوران بچے کو ڈھال بنا کر فرار ہونے کی کوشش کی اور دوران فائرنگ بھی کرتا رہا،متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ ملزمان فرار بھی ہو گئے ہیں جن کوگرفتار کر نے کے لیے گھر گھر تلاشی جاری ہے۔

غفار ذکری بدنام زمانہ گینگ وار سرغنہ ارشد پپو کا قریبی ساتھی تھا، اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی، اس کے خلاف لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ماڑی پور اور بلدیہ کے مختلف تھانوں میں متعدد سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ کراچی آپریشن کے بعد غفار ذکری روپوش ہوگیا تھا، رحمان ڈکیت، عذیر بلوچ، ارشد پپو اور بابا لاڈلہ کے بعد یہ اہم کردار تھا، ذرائع کے مطابق ہلاک مطلوب ملزمان سے دستی بم اور ایس ایم جی سمیت بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).