دبئی میں ملازمت کے لیے کیا کریں؟


اگر آپ دبئی میں ملازمت حاصل کرنا چاہ رہے ہیں تو میری یہ تحریر خاص آپ کے لیے ہی ہے۔ دبئی میں ملازمت کا حصول آج کل بہت سارے لوگوں کی آرزو ہے۔ نوجوانوں کو اپنی آمدن بڑھانے کے لیے، خوشحالی لانے کے لیے، قرضوں سے جلدی چھٹکارا پانے کے لیے یا اپنی محنت کا اچھا معاوضہ پانے کے لیے یو اے ای یا قریبی دوسرے خلیجی ممالک میں ملازمت تلاش کرنے کا اچھا موقع ہے کیونکہ ایک تو یہ پاکستان کے قریب ہیں؛ کبھی بھی صرف دو سے تین گھنٹے کی فلائٹ سے آ جا سکتے ہیں۔ دوسرا وہاں پر آج بھی اچھی ملازمت ملنے کی امکانات موجود ہیں۔ لیکن اس کے لیے پہلے اچھی معلومات کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔

اب ذرا میری اگلی ترتیب کردہ باتوں کو آرام و دھیان سے پڑھیے اور ان پرعمل کیجئے گا:

1۔ دبئی میں مناسب ملازمت حاصل کرنے کے لیے آپ کے پاس کالج لیول کی تعلیم اور ایک سے دو سال کا تجربہ ہونا لازمی ہے۔ اس سے زیادہ ہو تو کیا ہی بات ہے۔ مگر یہ بھی نہیں کہ اس کے بغیر ملازمت نہیں مل سکتی، مل جائے گی مگر بہت کم لیول کی، زیادہ وقت و محنت والی اور پھر ساتھ میں سالانہ اچھی ترقی و تنخواہ نہیں ہوگی۔

2۔ اس کے بعد سب سے پہلے خود کو ذہنی طور پر بہت سارے وقتی سمجھوتے کرنے پر تیار کیجیے کیوں کہ میڈیا میں نظر آنے والا دبئی وہاں سیر کرنے جانے والوں کے لیے ہے۔ مگر وہاں ملازمت کرنے والوں کے لیے شروع کے کچھ برسوں میں ذرا مختلف ہے جس کے لیے قدم قدم پر آپ کو صبر، ہمت، برداشت، سمجھوتے وغیرہ کرنے پڑیں گے۔ گرم موسم، ایک کمرے میں کافی لوگوں ساتھ بنکر بیڈ پر رہنا، کئی مرتبہ دن میں صرف ایک بار ہی سکون سے کھانا، گھر والوں کی یاد وغیرہ۔ مگر یاد رہے کہ کچھ پانے کے لیے کچھ کھونا تو پڑتا ہی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اچھی ملازمت ملنے پر آپ کو خاصی سہولت ہوجائے اور سب کچھ جاتے ہی سیٹ ہوجائے یا کچھ وقت لگے۔ مگر آپ کو پہلے سے یہ سب ذہن میں لازمی رکھنا ہے۔

3۔ اپنی تعلیمی اسناد، تجربہ لیٹر، سی وی کی سافٹ کاپی، پاسپورٹ اور کم از کم پندرہ سفید بیک گراؤنڈ والی پاسپورٹ سائز تصاویر کو تیار رکھیے۔ ساتھ ہی انگلش بول چال اور لکھنے میں ذرا روانی بھی لائیے کہ یہ بہت فرق ڈالنے والی بات ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ دبئی میں اچھے عہدے کی ملازمت کے لیے آپ کو اپنی تعلیمی اسناد کی متعلقہ تعلیمی بورڈ، ایچ ای سی، فارن آفس اور یو اے ای کے سفارت خانے سے پاکستان میں ہی جانے سے پہلے attestation کروانی پڑے گی۔ دبئی جانے سے پہلے یہ کام کروالیں گے تو یقین مانیے بہت سہولت ہوجائے گی۔ آج کل تو یہ سب ویسے بھی بہت آسان ہوگیا ہے کہ کچھ اچھی کوریئر کمپنیاں یہ کروا دیتی ہیں۔ یہ سب نہ بھی ہو تو بھی ملازمت مل سکتی، آپ بعد میں بھی کروا سکتے مگر بہترین ادارے میں ملازمت کے لیے یہ سب شروع میں ہی لازمی ہوتا ہے۔ اس لئے بہتر یہی کہ پہلے ہی کروا لیجیے۔

4۔ سب سے اہم بات کہ ملازمت کے لیے آپ کا دبئی میں خود موجود ہونا بہت ضروری ہے کہ ادارے انہی کو انٹرویو کے لیے پہلے فون کال اور پھر ای میل کرتے جو دبئی میں موجود ہوں۔ یاد رہے کہ دبئی میں پہلے سے آپ کے کسی دوست یا رشتہ دار کا ہونا بہت ضروری ہے جو آپ کے لیے رہائش کا بندوبست کرسکے، اپنے پاس رکھے یا کسی دوسری جگہ ایک بستر کی جگہ کا انتظام کرسکے۔ اور پھر آپ جہاں بھی رہیں گے وہاں وائی فائی کا ہونا لازمی ہے، جو بہت اہم ہے۔ باقی کھانا پینا تو آپ اپنے کمرے میں خود بناسکتے ہیں، شیئرنگ پر کرسکتے یا باہر ہوٹل سے بھی کھا سکتے ہیں۔ اپنا یا کسی دوست کا لیپ ٹاپ ہو تو کیا ہی بات ہے، ورنہ آپ کسی نیٹ کیفے بھی جاسکتے مگر یہ مہنگا بھی پڑتا اور کئی جگہ تو نیٹ کیفے بہت دوری پر ہوتا ہے۔

5۔ تو پھر جناب اب کسی ’اچھے جاننے والے‘ کی مدد سے دبئی کے وزٹ ویزا کے لیے اپلائی کیجیے جو تقریباً تین سے چار دن میں مل ہی جاتا ہے۔ یاد رہے کہ ٹریول ایجنٹ کو آج کل ویزا فیس کے ساتھ قابل واپسی سیکیورٹی بھی جمع کروانی پڑتی ہے۔ پھر اس کے بعد آپ کو آنے جانے کا (ریٹرن) ٹکٹ بھی لینا پڑے گا۔ اس کے لیے پہلے ہی دیکھ لیجیے کہ کون سی ایئر لائن آپ کو سستی پڑ رہی ہے جو کہ آپ خود بھی مختلف ایئر لائنز کی ویب سائٹس پر جا کر چیک کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ویزا ملنے کے بعد بھی آپ کے پاس دو مہینے کا وقت ہوتا کہ اس کے اندر اندر آپ دبئی جاسکتے۔ یہ نہیں کہ آج صبح ملا تو بھاگم بھاگ میں لگ گئے۔ آرام و تسلی سے ساری کارروائی کیجیے۔

6۔ دبئی میں پہلے دن ہی وہاں کی سم حاصل کیجیے اور موبائل نمبر کو اپنے سی وی میں لکھیے۔ اب آتا ہے اصل مرحلہ: ملازمت کے لیے اپلائی کرنے کا۔ آپ وہاں کا مشہور اخبار ’گلف نیوز‘ روزانہ خرید کر پڑھیے تاکہ انگلش بھی قدرے بہتر ہو، موجودہ حالات سے بھی باخبری ہو اور ساتھ ہی ملازمت کے اشتہارات بھی دیکھ سکیں۔ یاد رہے کہ دبئی میں تقریباً ہر جگہ پہلے ای میل یا آن لائن ہی اپلائی کرنا پڑتا ہے۔ پھر انٹرویو کے لیے ادارے آپ سے فون کال اور ای میل پر خود ہی رابطہ کریں گے۔ جاتے ہی انٹرویو کال کا انتظار نہیں کرنا۔ پہلا ہفتہ سمجھیے کہ صرف اپلائی کرتے ہی گزر جاتا ہے جس کے بعد آپ کو رسپانس ملنا شروع ہوگا۔

7۔ آپ کی سہولت کے لیے آن لائن ملازمت کی تلاش اور اپلائی کرنے کے لیے کچھ اچھی و مفید ویب سائٹ دی جارہی ہیں جن پر آپ اپنا فری اکاؤنٹ اور سی وی بنا کر مختلف ملازمتوں کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ انہیں ’روزانہ‘ کی بنیاد پر چیک کرتے رہیے۔ ان کے علاوہ بھی اور بہت اچھی سائٹس ہیں جو آپ کو آن لائن ملازمت سرچ کرتے دوران نظر آئیں گی۔ کچھ ہائرنگ کمپنیز کی سائٹس پر ملازمت کی درخواست دینے کے لیے رقم بھی درکار ہوتی ہے مگر آپ فی الحال مفت سہولت والی سائٹس سے ہی کوشش جاری رکھیے:

www.indeed.ae
www.careerjet.ae
www.monstergulf.com
www.dubai.dubizzle.com
www.gulftalent.com
www.naukrigulf.com
www.efinancialcareers.com
www.laimoon.com/uae

8۔ اگر آپ کے پاس مختلف شعبوں کا تجربہ ہے تو سب کے لیے علیحدہ علیحدہ سی وی بنائیے اور پوسٹ کے لحاظ سے اپلائی کیجیے۔ یہ نہیں کہ مارکیٹنگ کی ملازمت کے لیے اکاؤنٹس کا تجربہ سامنے ہو۔ یاد رہے کہ ادارے سی وی کے شروع سے ہی پہلا اندازہ لگاتے ہیں۔ اگر شروع میں ہی ملازمت کے مطابق تجربہ لکھا ملے، تبھی وہ مکمل سی وی پرغور کرتے ہیں۔ یہ اصول صرف باہر ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی ملازمت کے لیے اپلائی کرتے وقت ذہن میں رکھنا ضروری ہے، خاص طور پر آن لائن ایپلی کیشن میں کیوں کہ اس میں سی ویز کی بھرمار ہوتی ہے۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2