پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دو رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مسلسل گیارہویں کامیابی حاصل کر لی


متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دو رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مسلسل 11 میچ جیت لیے ہیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز سکور کیے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم چھ وکٹوں پر 146 رنز سکور کر سکی۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن بابر اعظم تیسرے ہی اوور میں ملنے کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ وہ صرف سات رنز سکور کر سکے۔ صاحبزادہ فرحان بھی اگلے ہی اوور میں ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے تیز بیٹنگ کی لیکن وہ 36 گیندوں میں 45 رنز سکور کر کے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 93 کے مجموعی سکور پر گری جب آصف علی 21 گیندوں میں 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے سرفراز احمد تپے جنھوں نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 گیندوں میں 34 رنز سکور کیے۔ شعیب ملک صرف آٹھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی چھٹے اوور کی آخری گیند پر ملی جب فلپس حسن علی کی گیند پر 12 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان 12 ویں اوور میں ہوا جب کولن منرو جو جارحانہ انداز میں کھیل رہے تھے آؤٹ ہو گئے۔ ان کو شاداب نے آوٹ کیا۔ کولن نے 42 گیندوں میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 58 رنز سکور کیے۔ پاکستان کو ایک اور کامیابی جلد ہی ملی جب کین ولیمسن 11 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کو ایک اور نقصان اس وقت ہوا جب گرینڈ ہوم چھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اینڈرسن نو رنز سکو کر کے آوٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ اس وقت گری جب سیفرٹ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سر فہرست ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین صفر سے شکست دی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp