عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ غلط تھا: ہارون الرشید


صحافی ہارون الرشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کیلئے جہانگیر ترین اور چودھری سرور سے بھی مشور ہ نہیں کیا۔ یہ ایک غلط فیصلہ تھا۔ عمران خان نے کے پی کے میں پرویز خٹک سے بہت دکھ اٹھائے ہیں۔

نجی ٹیلی ویژن پر  گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے مجھے بتایا ہے کہ ہم نے باہم مشورہ کیا کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ طاقتور ہوتا ہے یا وزیر اعظم تو پتہ چلا کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ طاقتور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کے پی میں پرویز خٹک سے بہت دکھ اٹھائے ہیں کیونکہ اس نے اپنا گروپ بنا لیا تھا لیکن اس بات کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے کہ ڈمی وزیر اعلیٰ نہیں چل سکتا، عثمان بزدار اہل نہیں ہیں اور قوت فیصلہ سے محروم ہیں۔

ہارون الرشید نے کہا کہ اقتدار ایسی چیز ہے کہ اس پر گرفت رکھنا پڑتی ہے۔ پنجا ب میں ایک طرف آرائیں گروپ ہے اور ایک طرف جٹ گروپ ہے ، عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنانا ایک غلط فیصلہ تھا اور اس کو ہٹانا پڑے گا ۔ عمران خان کرکٹ اور فنڈ ریزنگ کوسمجھتے ہیں، ادارے تعمیر کرسکتے ہیں لیکن سیاسی ادارے وہ تعمیر نہیں کرسکتے۔ عمران خان کو سیاسی ادارے تعمیر کرنے کیلئے درست لوگوں سے مشورہ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کیلئے جہانگیر ترین اور چودھری سرور سے بھی مشور ہ نہیں کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).