تم ایک بہادر اور جرات مند مرد ہو


تم ایک بہادر اور جرتمند مرد ہو۔ میری پیدائش پر تم نے اپنا سر پورے فخر سے بلند کیا اور مجھے اپنے مضبوط بازوں میں بھر کے اپنی روشن آنکھوں کی ساری امیدیں سونپ دیں۔ میرا ننھا سا ہاتھ تھام کر مجھے چلنا سکھایا میرے کمزور قدم جہاں جہاں ڈگمگائے وہاں وہاں مجھے سنبھالنے کو تم پہلے سے موجود تھے۔ تم نے انتھک محنت کی، میری بہترین نشونما کے لئے جو کچھ ضروری تھا اس سےبڑھ کر کیا۔ اپنی صحت اور ڈھلتی عمر کی پرواہ کیے بغیر تم نے دن رات ایک کر کے میری بہترین پرورش کی، شہر کے بہترین تعلیمی اداروں میں بھیجا، مجھے اعلی تعلیم دلوائی۔ اپنی استطاعت سے کہیں بڑھ کر زندگی کو میرے لئے بہترین سے بہترین بنایا۔ میری کسی خواہش کو حسرت نہ بننے دیا۔

جب میں نے شعور کی منزل پر قدم رکھا تم میرے ساتھ ساتھ رہے ایک سچے دوست ایک بہترین راہنما اور ایک عظیم استاد بن کر مجھے صحیح اور غلط میں فرق بتانے کے لئے۔ تم ہمیشہ میرے سامنے ایک پر امید انسان کی طرح رہے جس نے مجھے غلط میں صحیح کو ڈھونڈنا بتایا بدی میں نیکی کو تلاشنا بتایا شر میں خیر کو ڈھونڈنا بتایا نا ممکن میں ممکن تلاشنا اور نہ ہونے سے ہونا نکالنا سکھایا۔
عہد طفلی میں مجھے اپنا بھرپور پیار دیا اور جب میں تمہاری گود سے نکل کر شعور کی منزلوں پر گامزن ہوئی تو تم نے مجھ پر مکمل اعتماد کیا۔ تم نے میری ہر خواہش اور ہر شوق کا احترام کیااور میری شخصیت کی بنیاد مضبوط تر ہوتی چلی گئی۔

رات کے آخری پہر جب دنیا سو رہی ہوتی تم مجھے جاگتی آنکھوں سے میرے تابناک مستقبل کے خواب دکھاتے۔ تمہارے بخشے ہوے اعتماد اور بھروسے نے مجھے ننھی سی کونپل سے ایک مضبوط درخت بنا دیا۔

میرا پہلا پیار ، میرے پیارے بابا جانی، میرے سب سے پیارے دوست، میری متاع حیات، میں سب سے پہلے آپکی ہوں ۔ آپکی روشن آنکھوں کی امید ہوں۔ میرا وعدہ ہے میں خود کو کبھی ڈھلنے نہ دوں گی۔۔۔
آج جب کہ آپ اس دنیامیں نہیں ہیں تو لوگ آپ کا عکس مجھ میں بخوبی دیکھ سکتے ہیں ۔۔

فقط آپکی بیٹی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).