تنہائی کا ہجوم


بے تحاشا ہنگامہ ہے۔ میسجز کی ٹونز، وٹس ایپ، فیس بک، ٹوئیڑ، میسنجر، ای میل، ای بنکنگ کے نوٹیفیکیشن۔ وٹس ایپ دیکھتی ہوں۔ تمہارا میسج ہے مسکراتی ہوں کسی شوخ بات کا جواب ہے رپلائی کرتی ہوں۔ ایک کارپوریٹ میسج ہے، بھئی کس نے کہا کہ مجھے بھیجو میسج، کوئی دلچسپی نہیں آپ کی برانڈ سے معاف کر دو۔ طبعیت ہی گراں گزرتا ہے۔ پوپ اپ میں میسنجر کا نوٹیفیکشن ہے دیکھتی ہوں۔ یہ کس نے بھیجا کہا میں نے کہ مجھے لنک سینڈ کرو۔

کون ہو بھئی کس لیے فضول وقت ضائع کرتے ہو۔ واہ میرے پسندیدہ لکھاری کا ٹویٹ ہے اسے کہتے ہیں سوال اٹھانا، سوچنے پہ اکسانا۔ ارے یہ فیس بک پہ کیاہے، ابھی تک یہ بحث چل رہی ہے ساری عوام پنچے جھاڑ کے اسی کے پیچھے پڑی ہے چلو میرا کمنٹ بھی ہے ذرا کھرا سا رپلائی لکھتی ہوں۔ آپ کا بی پی ہائی ہو گا اور میرا من شانت۔ ای میل بھی دیکھ ہی لوں لمبی فہرست ہے ایک دو جو اہم ہیں تفصیلی دیکھتی ہوں۔

ریسٹورنٹ پہ کھانا کھانے آئی ہوں۔ اکیلی ہوں، لیکن اکیلی تو نہیں اتنے سارے لوگ ہیں ساتھ والے ٹیبل پہ تین لڑکیاں بیٹھی ہیں۔ آپس میں گفتگو نہیں کر رہی بلکی ساتھ والی تیبل کی فیملی میں زیادہ دلچسپی لے رہی ہیں۔ ایک بے زار سا کپل بیٹھا ہے۔ خیر چھوڑو مجھے کیا میں سیلفی بناتی ہوں۔ اچھی آئی ہے۔ فیملی گرپ میں شئیر کرتی ہوں۔ واہ نائس۔ پیاری لگ رہی ہیں دل واکا ایموجی۔ کیا کھا رہی ہیں؟ کھانے کی تصویر بناتی ہوں شئیر کرتی ہوں۔

ہمممم یمی۔ مزے کا لگ رہا ہے۔ کھانا کھا چکی ہوں کرنے کو کچھ نہیں واپسی کے لیے نکلتی ہوں۔ تھوڑی واک ہی کر لوں۔ یہ سامنے بہٹھی لڑکی اتنے غور سے کیوں دیکھ رہی ہے۔ شاید اس نے کچھ کہا۔ خیر کیا فرق پڑتا ہے میں کون سا اسے جانتی ہوں۔ آف لائن ہو جاتی ہوں۔ ہینڈز فری لگائے ہیں گانے کی بیٹ مزے کی ہے قدم تیز اٹھانے میں مدد کر رہی ہے۔ اور فون آ گیا ان نون نمبر ہے۔ تو کیا ہوا آفشل نمبر ہے نون نمبر سے تو کال آنے سے رہی کال اٹینڈ کرتی ہوں۔ کوئی آفیشل کام ہے۔ چلو فون تو دیکھ لیا آن لائن ہو جاتی ہوں۔ وٹس ایپ پہ میسجیز ہیں سٹیٹس دیکھتی ہوں جو اچھا لگا رپلائی کرتی ہوں۔ چلو فیس بک بھی دیکھ ہی لوں سکرول ڈاون کرتی ہوں ویڈیو اچھی ہے شئیر کی جائے۔ ہائے یہ پاگل ابھی تک جھگڑ رہے ہیں۔ ہنس رہی ہوں۔ چلو جانے دو۔ تھک گئی ہوں واپس آتی ہوں۔

میسنجر، وٹس ایپ، ٹوئٹر، فیس بک، سب ساتھ ساتھ چل رہا ہے۔ رات گہری ہو چکی ہے ہاتھ اور بازو شل ہو گئے ہیں لیکن کچھ نہیں رکا۔ لیکن یہ کیا بہت تنہائی ہے۔ کوئی بھی تو نہیں۔ یہ سب چہرے آوازیں، خیالات، نظریات کہاں ہے۔ یہاں تو کوئی بھی نہیں۔ بہت سناٹا ہے میں چیخنا چاہتی ہوں۔ لیکن کوئی سننے والا نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).