مولے نو مولا نہ مارے تے مولا نئی مردا: ’دا لیجینڈ آف مولا جٹ’ کا پہلا ٹریلر جاری


سنہ 1979 میں پاکستانی سنیما کی مشہور ترین فلم ‘مولا جٹ’ ریلیز ہوئی تھی جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے اور اسے ابھی بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کی سب سے اہم فلم قرار دیا جاتا ہے۔

تقریباً چار دہائی بعد ہدایتکار بلال لاشاری نے پاکستانی تاریخ کی اس معرکتہ الآرا فلم کو دوبارہ نئے سرے سے بنانے کا فیصلہ کیا اور جمعے کی شام ‘دا لیجینڈ آف مولا جٹ’ کا پہلا ٹریلر جاری کیا گیا جس نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا۔

https://twitter.com/MaulaJattMovie/status/1076109485930934275

فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک جیسے ستاروں کی کاسٹ والی اس فلم کا دو منٹ بائیس سیکنڈ طویل ٹریلر جیسے ہی ٹوئٹر، فیس بک اور یو ٹیوب پر سامنے آیا تو جیسے ایسا محسوس ہوا کہ پاکستانی شائقین اس فلم کے لیے ترسے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

جب لکشمی چوک میں ہر طرف علی اعجاز نظر آتے تھے

معروف اداکار علی اعجاز انتقال کر گئے

محض چند گھنٹوں میں اس فلم سے متعلق پانچ موضوعات پاکستان کے سب سے بڑے ٹرینڈز میں شامل ہو گئے۔

یہی نہیں، انڈیا سے کچھ صارفین نے تبصرہ کیا کہ اس فلم کے بارے میں تو انڈین ٹوئٹر پر بھی ذکر ہو رہا ہے اور وہ وہاں کہ چند بڑے ٹرینڈز میں سے ایک ہے۔

https://twitter.com/harinder_virk/status/1076128838227247111

یونس ملک کی ہدایتکاری میں بننے والی مولا جٹ میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ ان کے ساتھ مشہور زمانہ ولن نوری نت کا کردار مصطفی قریشی نے ادا کیا تھا جبکہ فلم کے لکھاری ناصر ادیب تھے۔

بلال لاشاری کی فلم میں مولا جٹ کے لیے فواد خان کو چنا گیا جبکہ حمزہ علی عباسی نوری نت کا کردار ادا کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کے لکھاری بلال لاشاری کے علاوہ ناصر ادیب خود ہیں۔

مولا جٹ

چار دہائی قبل بننے والی فلم مولا جٹ کا پوسٹر

چار دہائی قبل بننے والی فلم کی کہانی پنجاب کے شہر گجرانوالہ کے دیہاتی علاقوں کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک نوجوان پنجاب کے گاؤں میں ظالم زمینداروں کے خلاف ہتھیار اٹھا لیتا ہے اور اپنے سب سے بڑے دشمن نوری نت کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔

‘دا لیجینڈ آف مولا جٹ’ کے ٹریلر آنے پر فلم کے ہیرو فواد خان نے مولا جٹ کے تاریخی ڈائیلاگ کو استعمال کرتے ہوئے ٹریلر کی ٹویٹ کی۔

https://twitter.com/fawadakhan/status/1076112147170643969

فلم کی ہیروئن ماہرہ خان نے اپنی ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں سے اپنی سالگرہ کی نیک تمنائیں وصول کر رہی ہیں اور فلم کے ٹریلر کے ریلیز پر مبارک باد بھی۔

https://twitter.com/TheMahiraKhan/status/1076114274433593344

بالی وڈ کے معروف ہدایتکار انوراگ کشیاپ نے بھی ٹریلر کے ریلیز پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ شائقین نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا اور ٹریلر کی تعریف کی۔

https://twitter.com/MariumZiaKhan/status/1076125722941505537

لیکن جہاں اس فلم کے ٹریلر کو بے حد سراہا گیا، وہیں چند صارفین نے تبصرہ کیا کہ کیا فلمساز اصل فلم کی روح کو برقرار رکھ سکیں گے یا نہیں۔

حسن چیمہ نے اس پر ٹویٹ کی کہ نوری نت کا بحیثیت ولن کا کردار بہت زبردست تھا اور انھیں ڈر ہے کہ نئی فلم میں اسے کہیں تبدیل نہ کر دیا ہو۔

https://twitter.com/mediagag/status/1076115208849027072

اسی طرح ایک اور صارف شیری نے کہا کہ میں اصل فلم کی بہت بڑی فین ہوں لیکن میں اس نئی فلم کو پرانی والی سے الگ کر کے دیکھوں گی کیونکہ اس فلم میں جو دونوں مرکزی کرداروں کا رول تھا وہ ناقابل فراموش ہے۔

https://twitter.com/CherieDamour_/status/1076125547158298630

یہی تاثر صارف جنید کا تھا جنھوں نے کہا کہ اس فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ اطالوی شہر روم میں بنی ہے، نہ کہ پنجاب میں۔

https://twitter.com/junaidakram83/status/1076129935671070721

اسی طرح ایک اور صارف ماہو نے لکھا کہ اس فلم کا ٹریلر بہت زبردست ہے لیکن مجھے نہیں پتا کہ کیا میں پرانی فلم سے خود کو الگ کر سکوں۔

https://twitter.com/mahobili/status/1076129261709393920

ایک جانب شائقین کی اکثریت فلم کا شدت سے انتظار کر رہی ہے اور دوسری جانب چند اپنے خدشات بیان کر رہے تھے، وہیں چند اور صارفین ایسے بھی تھے جو یہ سوچ رہے تھے کہ پنجابی زبان والی فلم کراچی کے رہائشیوں کو کیسے سمجھ آئے گی۔

https://twitter.com/sakhwa/status/1076111459984248832

ٹریلر کے مطابق اگلے سال جون میں عید الفطر کے موقع پر یہ فلم عام نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

’فلم کے کاپی رائٹس حقوق پر تنازع‘

واضح رہے کہ مقامی اخباروں کے مطابق فلم کا ٹریلر جاری ہونے سے چند روز قبل فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت کی جانب سے لاہور میں ایف آئی اے کو اپیل درج کی گئی ہے جس میں فیس بک پر ایک صارف کی شکایت کی گئی ہے کہ وہ ’دا لیجینڈ آف مولا جٹ‘ کے خلاف منفی پراپیگینڈا کر رہا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

عمارہ حکمت کی اپیل کے مطابق مبینہ طور پر لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے فارغ التحصیل فلمساز نے فیس بک پر عمارہ حکمت اور بلال لاشاری کے خلاف منفی باتیں کہیں ہیں اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

اس اپیل کے نتیجے میں عدالت نے فیس بک کو صارف کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp