ہمارے خلاف ایک اور غیرعلانیہ جنگ شروع کی جا چکی: آرمی چیف


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف ایک اور غیرعلانیہ جنگ شروع کی جا چکی ہے۔ نئے خطرات اپنے ہی لوگوں کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی نیول اکیڈمی میں پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف ایک اورغیراعلانیہ جنگ شروع کی جا چکی ہے۔ ملک میں موجود امن بہت بھاری قیمت چکا کر حاصل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، لا انفورسمنٹ ایجنسیز نے امن وامان کی بحالی میں بہت بڑے پیمانے پر قربانیاں دی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے جنگوں کی ہیئت تبدیل کر دی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اختیارکرنے والی قوموں کی جنگی صلاحیتیں بہتر ہو گئیں۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن پر یقین رکھتا ہے، ہم نے مشرقی و مغربی سرحدوں پر بہت سے تنازعات دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں عوام کے لئے موت، تباہی اور مصائب لاتی ہیں۔ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن لانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ بھارت کی جانب امن اور دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن سب کے مفاد میں ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ بھوک، بیماری اور جہالت کے خلاف لڑا جائے۔

Facebook Comments HS