زرداری کی ممکنہ گرفتاری: صنم بھٹو احتجاجی تحریک کے لئے پاکستان پہنچ گئیں
آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف تحریک کی قیادت کے لئے صنم بھٹو پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ انہیں پیپلز پارٹی میں اہم عہدہ ملنے کا بھی امکان ہے۔
بیرون ملک سے پاکستان پہنچنے کے فوراً بعد صنم بھٹو نے اپنے بھانجے بلاول بھٹو زرداری اور پی پی کے دیگر رہنماﺅں سے ملاقات کی۔ صنم بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کی بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما، پی پی پی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر ہمایوں خان، پی پی پی بلوچستان علی مدد اور پی پی پی کے چیئرمین کے سیاسی سیکریٹری جمیل سومرو بھی موجود تھے۔
صنم بھٹو پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی چھوٹی بہن ہیں جو ممکنہ طور پر آصف زرداری کی گرفتاری کے خلاف تحریک کی قیادت سنبھالیں گی۔ ان کی پاکستان واپسی کے بعد انہیں پیپلز پارٹی میں اہم عہدہ دیے جانے کا بھی امکان ہے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی نے 20 نومبر کو ایک اجلاس میں آصف زرداری کی منی لانڈرنگ کیس میں ممکنہ گرفتاری کے بعد کی حکمت عملی طے کی تھی ۔ اس اجلاس میں طے پایا تھا کہ آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جس کی قیادت صنم بھٹو کریں گی۔
گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صنم بھٹو کے سیاسی کردار کا عندیہ دیا تھا۔


