نواز شریف کو فلیگ شپ اور العزیزیہ کیس میں سزا سنائی جائے گی: جاوید ہاشمی کی پیش گوئی
سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے پیش گوئی کی ہے کہ نواز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر فلیگ شپ اور العزیزیہ کیس میں سزا ہوگی کیونکہ ادارے ان کے خلاف کیسز کو غلط ثابت نہیں ہونے دیں گے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ نیب کا مقصد سیاستدانوں سے ان کی وفاداریاں تبدیل کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کو سزا ہوئی تو میں یہ فیصلہ منظور نہیں کروں گا۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیا بھر میں تقاریر کر رہے ہیں تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس سے غائب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان پارلیمانی نظام کے بجائے صدارتی نظام کی حمایت کرتے ہیں اس لئے وہ اس قابل ہی نہیں کہ اسمبلی میں سوالات کا جواب دے سکیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میڈیا کو سینسر شپ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور میڈیا انڈسٹری کو منافع بخش بنانے والے ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے۔


