کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی ہلاک


کراچی میں سابق رکنِ قومی اسمبلی اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سابق رہنما سید علی رضا عابدی نامعلوم افراد کے ایک حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی پولیس کے اہلکار ایس ایچ او گرزی اسد منگی نے بتایا کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے خیابانِ غازی کے قریب علی رضا عابدی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انھیں گولیاں لگیں اور انھیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال پی این ایس شفا لے جایا گیا۔

ایس ایس سی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق علی رضا عابدی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے جب وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق رکن اسمبلی علی رضا عابدی کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن میں ان کا سخت موقف رہا جس کا اظہار وہ پارٹی کے اندر اور ٹی وی چینلز پر بھی کرتے تھے۔

گذشتہ عام انتخابات میں انھوں نے گلشن اقبال کے علاقے سے عمران خان کا مقابلہ کیا تھا جب پارٹی قیادت کی دلچسپی کم ہوئی تو اے پی ایم ایس او کے کارکنان نے ان کی مہم چلائی۔

عام انتخابات میں انھیں شکست ہوئی بعد میں ضمنی انتخابات میں انھیں ٹکٹ نہیں دیا گیا جس کے بعد انھوں نے پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کیا اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔

علی رضا عابدی کے بارے میں بعض حلقوں کا خیال تھا کہ وہ الطاف حسین کی سربراہی میں لندن گروپ کے قریب رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp