پارلیمانی پارٹی اجلاس: شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی ارکان کی اسد عمر پر سخت تنقید


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں شاہ محمود قریشی سمیت اراکین قومی اسمبلی نے اسد عمر کی معاشی بریفنگ میں کئے گئے دعوے مسترد کر دیے۔ پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ کی اسد عمرنے شدید تنقید کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کے آپریشن کی بھی مخالفت کر دی۔

حکومتی پارٹی کے ارکان کا موقف تھا کہ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، زراعت کا کوئی پرسان حال نہیں، عوام حکومت سے سخت نالاں ہیں، پارٹی کا امیج خراب ہو کر رہ گیا ہے، اراکین پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں۔ سکول میں داخلہ کروانے جائیں تو کوئی بات نہیں سنتا۔ اسد عمر اراکین کو تسلیاں دے کر رام کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ اسد عمر نے معاشی صورتحال اور منی بجٹ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر خزانہ کی بریفنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کے شعبے میں ہمیں سخت چیلنجز کا سامنا ہے اور جس طرح زراعت کے مسئلے کو سنبھالنا چاہیے تھا، اس طرح نہیں سنبھالا گیا۔ اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ زراعت کا کوئی پرسان حال نہیں۔ کاشت کار سخت پریشان ہیں۔ ان کے لیے کچھ کیا جائے۔ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام ہم سے سخت نالاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ارکان نے کہا کہ مرکز کے اندر اراکین قومی اسمبلی کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور اسپیکر بھی صرف چند لوگوں کو ہی بولنے کا موقع دیتے ہیں جب کہ جس شہر سے ہمارا تعلق ہے اس شہر کے لیے کوئی بھی مشاورت نہیں کی جاتی۔ بلدیاتی حکومتوں کے فنڈز بند ہیں اور 15 کروڑ روپے ابھی تک اراکین پارلیمنٹ کو نہیں دیے گئے ہیں۔ ارکان نے کہا کہ ابھی ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ابھی صرف پانچ ماہ ہی ہوئے ہیں لیکن سب کو ساتھ لے کر چلیں تو معاملات صحیح ہوجائیں گے۔

کچھ اراکین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں داخلہ کرانا بھی مشکل ہے۔ اداروں میں لوگ ہماری بات نہیں سنتے جب کہ اسمبلی اجلاس کے دوران تمام وزیر ایک گھنٹہ اراکین قومی اسمبلی کو دیں۔ تجاوزات ہٹانے کے معاملے پر بھی اراکین نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کے معاملے نے پارٹی کا امیج خراب کر دیا ہے۔ یہ تجاوزات چھ ماہ بعد بھی ہٹائی جاسکتی تھیں۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس کو بریفنگ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ملک میں کاروبار بیٹھ گیا ہے۔ اراکین پر مشتمل اکنامک کاکس بنائیں۔ ہر ماہ معاشی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).