گورنمنٹ کالج لاہور میں سائنس کانفرنس کا انعقاد


گورنمنٹ کالج کی یہ دیرینہ روایت رہی ہے کہ یہاں وقتاً فوقتاً مختلف ادبی و علمی سوسائٹیز کے زیرِ اہتمام پروگرام، اجلاس اور سیمینارز منعقد کرائے جاتے رہتے ہیں۔ ادبی ارتقاء کے اس عمل نے گورنمنٹ کالج کو شہر بھر کی تمام جامعات میں وہ مقام بخشا ہے کہ اس کی ملائم آغوش میں نامور علمی اور لٹریری افراد پیدا ہوئے۔ یہاں سے فارغ التحصیل طلباء ہماری روایت، ثقافت، معاشرت اور تہذیب کے امین بن جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گورنمنٹ کالج تمام جامعات اور کالجز کے مابین ایک عظیم ادارے کی حیثیت رکھتا ہے۔

مورخہ 27 دسمبر، 2018 کو شعبۂ کیمیا میں ”ڈنکلف کیمیکل سوسائٹی“ کے زیرِ اہتمام ”Transmission electron microscopy techniques“ کے موضوع پر ایک شاندار کانفرنس منعقد کرائی گئی جس میں علم کیمیا کے جید پروفیسرز اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد سائنس کے طلباء کے لیے ایک ایسا صحتمندانہ ماحول فراہم کرنا تھا جو پریکٹیکل ورک میں ان کا معاون ثابت ہو۔ ڈنکلف کیمیکل سوسائٹی کے نگران ڈاکٹر عابد گل صاحب نے آنے والے معزز مہمانان اور طلباء کو خوش آمدید کہا۔

سوسائٹی کا تعارف پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈنکلف کیمیکل سوسایٹی ادارے کی قدیم ترین سوسائٹیز میں سے ایک ہے جو گزشتہ چونتیس برس سے سرگرم ہے۔ اس رفاقت کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے سیمینارز، پروگرامات اور کانفرسز کی غرض و غایت طلباء کی سائنسی صلاحیتوں کو نکھار کر ان کے لیے مناسب مواقع مہیا کرنا ہے۔

اس کے بعد مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر دلاور انجم صاحب ( نیویارک) کو دعوتِ گفتگو دی گئی۔ ابتدا میں انہوں نے سوسائٹی کے منتظمین کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ Transmission electron microscopy techniques پر بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی جدید تکنیک ہے جس کی مدد سے ہم مادے کو تقسیم کرسکتے ہیں اور اس کے خدوخال کی بابت انتہائی باریکی سے مطالعہ کرسکتے ہیں۔ طلبہ انتہائی توجہ سے مقررین کی گفتگو سن رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مطالعے کہ بنیاد پر سائنس میں نئے رجحانات جنم لیں گے جو آئندہ بڑی ایجادات کا موجب ہوں گے۔ پھر چیئر پرسن شعبۂ کیمیا پرفیسر احمد عدنان صاحب تشریف لائے اور معزز مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ تکنیک سائنس کے طلباء کے لیے ریسرچ پراجیکٹ اور تحقیقی میدان میں بہت کارگر ثابت ہوگی۔ اس تکینک کے ذریعے طلباء اپنے مقالات کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے سکیں گے۔

آخر میں صدر ڈنکلف کیمیکل سوسائٹی جناب ملک حماد نے سوسائٹی کی طرف سے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور اتنی کثیر تعداد میں طلبہ کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ مہمانان گرامی میں سووینیئرز پیش کیے گئے اور یوں بہت سی تالیوں کی گونج میں یہ سائنسی سیمینار اپنے اختتام کو پہنچا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).