دودھ کی رکھوالی پر بلے کو نہیں لگایا جا سکتا: شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئر مین بنانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دودھ کی رکھوالی ہر بلے کو نہیں لگایا جا سکتا۔ پروڈکشن آرڈر پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں نہیں جایا جا سکتا۔ یہ عمران خان سے ڈھیل مانگ رہے ہیں جو نہیں ملے گی
شیخ رشید نے کہا کہ مجھے معلوم ہے شہباز شریف گزشتہ روز سپیکر کو کیوں ملنے گئے؟ میں پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں شکایت کرنے نہیں جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو نہیں لگایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں سپریم کورٹ بھی جاؤں گا، ایک شیخ رشید کی اور ایک شہباز شریف کی کمیٹی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ آئندہ میرا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس پر عمران خان کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں نہیں جایا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ٹوپی ڈرامہ ہے جسے شیخ رشید ایکسپوز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کیسے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں جا سکتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بزدل لوگ ہیں۔ کہتے ہیں پبلک اکاونٹ کمیٹی میں شیخ رشید پیش نہ ہو۔ انہوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے ڈھیل مانگ رہے ہیں جو نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ سایہ بن کر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دو بڑے خاندان ہیں۔ نوازشریف اور زرداری ڈاکو لٹیرے ہیں۔ سینہ چیر کر بتانا چاہتا ہوں کہ ڈاکوؤں نے شب خون مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب سب سن رہے ہوں گے، ان لوگوں کی جیل جانے سے جان جاتی ہے۔


