حکومت نے حج پر سبسڈی ختم کر کے کیا غلط کیا؟
حج تو فرض ہی بنیادی طور پر ان لوگوں پر ہے جن کی اپنی اسطاعت ہے بلکہ جن کے پاس اپنے اور اپنے خاندان کی کفالت کے بعد ضرورت سے زائد دولت ہے۔ ایک جید مذہبی عالم کہتے ہیں کہ ”حج ہر عاقل بالغ آزاد مسلمان پر فرض ہے جس کے پاس اپنی ضروریات سے زائد اتنا مال ہو کہ جس سے مکۃ المکرمہ تک آنے جانے کے اخراجات اور اہل و عیال اور اپنے زیر کفالت افراد کا خرچہ برداشت کر سکتا ہو“۔
پھر حج پر سبسڈی واقعی میں کیوں دینی چاہیے؟ سبسڈی دواؤں پر دیں، جن کی قیمت کم ہونے سے غریبوں کو فائدہ ہو، سبسڈی اناج پر دینی چاہیے جن سے بھوکے کا پیٹ بھرے، سبسڈی کتابوں پہ دینی چاہیے جن سے بچے تعلیم حاصل کر سکیں، سبسڈی لنڈے کے کپڑوں کے کاروبار پر دینی چاہیے جن سے کروڑوں غریب مستفید ہوتے ہیں، حج پر سبسڈی کیونکر؟ حج پر سبسڈی تو مذہبی طور پر بھی بلا جواز لگ رہی ہے کہ جس کی اسطاعت ہے وہی حج پر جائے، سرکاری پیسے سے رعایت لے کر حج پر جانا کیا جائز عمل ہے؟
مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے حج پر سبسڈی ختم کرنے پر حکومت کے خلاف بڑا واویلہ مچایا ہوا ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے حکومتی حج پالیسی پر تنقید کی ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملکی تاریخ کا مہنگا حج پیکج قوم کو دیا، حکومت نے عوام کو مکہ اور مدینہ جانا مشکل بنا دیا ہے۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے، پیپلز پارٹی سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ حکومت نے حج سبسڈی ختم کرکے عوام سے انتقام لیا۔
مجھے حیرت ہو رہی ہے کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں میں حاجیوں کو لوُٹنے والے کیسز ابھی پرانے بھی نہیں ہوئے اور یہ دونوں پارٹیاں حج پر سبسڈی ختم کرنے پر طوفان مچائے ہوئے ہیں۔ ابھی کچھ سال پہلے ہی کی بات ہے۔ حج جیسا فرض بھی رشوت کے طور پر ہمارے سینکڑوں صحافی بھائیوں کو بھی مفت میں کروایا گیا تھا۔ ایک سال تو حاجی بچارے ایئرپورٹ تک پہنچے ان کی سیٹوں پر مفت حج والے صحافی حضرات حکومتی مہربانی پر حج پر چلے گئے۔
اس کے علاوہ ہر بار حج پر اربوں روپے کے گھپلے، ہوٹلوں کی بکنک پر رشوت، حاجیوں کے کھانے اوررہائش پر رشوت، حج کوٹے پر رشوت یہ سب تو ان دونوں حکومتوں میں عام جام رہا ہے اور اس کرپشن میں وزرا تک ملوث پائے گئے ہیں مگر یہ ہی لوگ موجودہ حکومت کے حج پر سبسڈی ختم کرنے والے جائز قدم پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔ میری یہ تحریر اس لئے نہیں کہ پی ٹی آئی کی حمایت کروں یا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی مخالفت، میں صرف یہ سمجھتا ہوں کہ حج پر سبسڈی موجودہ حکومت کا جائز فیصلہ ہے اور مذہباٌ بھی حج وہی کر سکتا ہے جس پر اپنی ضرورت پوری کرنے کے بعد پیسا بچے۔


