کشمیر کانفرنس میں شرکت کے لئے تحریک انصاف کے دو سینیٹرز بزنس کلاس میں برطانیہ گئے: عمران خان شدید برہم
وزیر اعظم عمران خان نے بزنس کلاس میں برطانیہ کا ہوائی سفر کرنے پر تحریک انصاف کے دو سینیٹرز پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے سفر پر آنے والے اخراجات واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق دونوں سینیٹرز خارجہ امور کمیٹی کے رکن ہیں اور ان 14 سینیٹرز میں شامل ہیں جو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برطانوی پارلیمان میں ہونے والی کشمیر کانفرنس میں شرکت کے لئے برطانیہ گئے ہیں۔ یہ سینیٹرز دیگر افراد کے ساتھ لندن میں ویسٹ منسٹر کے ہوٹل پارک پلازہ میں ٹھہرے۔ برطانیہ کے دورہ پر جانے والے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، شیری رحمان، مشاہد حسین سید، ڈاکٹر آصف کرمانی، نزہت صادق وغیرہ شامل ہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس اطلاع کی تصدیق کی ہے
واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں برطانیہ جانے والے وفد کے دورے کو سرکاری درجہ نہیں دیا گیا۔ کشمیر کانفرنس میں کوئی برطانوی عہدے دار شریک ہوا اور نہ برطانوی حکومت نے اس ضمن میں کوئی بیان جاری کیا۔ برطانوی دفتر خارجہ کے کسی نمائندے نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی نہیں کی۔


